لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے اپر چترال انتظامیہ کے افسران کا مختلف بازاروں کا دورہ

اشتہارات

 اپر چترال(بشیر حسین آزاد)ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر اپر چترال محمد ریاض خان ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج ایٹ بونی معظم خان وا تحصیلدار رب نواز کے ہمراہ اپر چترال کے مختلف بازاروں بونی،جنالکوچ،کوروغ اور ریشن کا دورہ کرکے قانون شکنوں اورلاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔انتظامی افسران نے اپر چترال کے قرنطینہ مرکزکا دورہ کرکے وہاں پر موجود افراد سے ملاقات کی،ان کے خیریت اورمسائل دریافت کی ساتھ موقع پر مسائل حل کرنے کی احکامات جاری کئے۔قرنطینہ میں موجودافراد کو تسلی دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ یہ سب آپ کے اور علاقے کی بھلائی کے لیے کیا جارہا ہے،اس میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔چند روز بعد بخیرو عافیت اور تسلی سے گھر جائینگے۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر اپر چترال،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج اور تحصیلدار مختلف مساجد گئے اورآئمہ کرام سے ملاقات کرکے رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح کے لیے بنائے گئے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا اور سماجی فاصلہ ہر صورت برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے ہدایت دی کہ تراویح سے پہلے اور بعد کسی بھی طرح طے شدہ اوصولوں کی پامالی نہ ہو۔