چترال میں کورونا کے تین نئے کیس کنفرم،متاثرہ مریضوں کی تعداد چار ہو گئی

اشتہارات

چترال(چ،پ)چترال میں کورونا کے تین مزید کیس کنفرم ہوگئے ہیں جسکے بعد ضلع لوئر چترال میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چار ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز چترال لوئر کے تین مریضوں کے کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آگئے ہیں۔ جن مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں انمیں شیر نواز ولد خلیل خان سکنہ برزین گرم چشمہ عمر 25سال جو کہ اپر دیر میں اسٹاف نرس کے طور پر کام کر رہے تھے اور چترال آنے کے بعد 15تاریخ کو مقامی قرنطینہ مرکز میں تھے۔شیر نواز کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ کراچی بھی گئے ہوئے تھے۔ دوسرا مریض شمس اکبرولد عبدالغفار سکنہ چمرکن جو کہ 18اپریل سے کامرس کالج چترال میں قائم قرنطینہ مرکز میں تھے۔ انکے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ کراچی سے واپس آئے ہیں۔ تیسرا مریض 63سالہ رحمت ولی ولد عزیزاللہ سکنہ توردہ چمرکن ہیں جوکہ اسلام آباد سے آئے ہیں اور 18اپریل سے چترال کے قرنطینہ مرکز میں موجود ہیں۔
ایک ہی دن تین مریضوں کا ٹیسٹ مثبت آنا نہایت تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتی ہے۔ ان حالا ت میں عوام کو چاہیے کہ احتیاطی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں تاکہ اس مرض کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔