چترال میں بجلی کے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوامی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے

اشتہارات


چترال (محکم الدین) چترال کے عوامی حلقوں نے چترال میں مسلسل لوڈ شیڈنگ پر شدید برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ گولین ہوئیڈل پاور سٹیشن میں پانی کی کمی کا بہانہ بنا کر مسلسل لوڈ شیڈنگ کرکے عوام کو تنگ کیا جا رہا ہے جوکہ قابل مذمت ہے۔ عوامی حلقوں نے اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا کہ لوڈشیڈنگ کا نہ کوئی وقت ہے اور نہ دورانیہ، جس سے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف پانی کی کمی کی بات کی جارہی ہے اور دوسری طرف فوربے ٹینک کے چھوٹے گیٹ سے بڑی مقدار میں پانی لیک ہو کر ضائع ہو رہا ہے۔ اُس کو بند کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی، اگر یہ پانی بند کی جائے تو بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو سکتا ہے۔واپڈا کی طرف سے گولین گول میں پانی کی کمی کو جواز بناکر بجلی کے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی طرف سے مختلف طبقہ کے لوگوں کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوکر رہ گئی ہیں۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس کا نوٹس لیں اور چترال میں غیر ضروری لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا جائے۔