مکتب سکول کشینڈل شیشی کوہ عدم توجہی کا شکار، عمارت مخدوش،سہولیات دستیاب نہیں

اشتہارات

دروش(جہانزیب)تحصیل دروش کے وادی شیشی کوہ کے گاؤں کشینڈل متعلقہ حکام کی طرف سے عدم توجہی کا شکار ہے جسکی وجہ سے اس تعلیمی ادارے میں پڑھنے والے بچوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کشینڈل گاؤں میں 1992؁ء میں قائم شدہ ایک کمرے پر مشتمل مکتب سکول تب سے ابتک محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کی عدم دلچسپی کی وجہ سے مخدوش حالت میں ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس سکول میں 120تک بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور صرف ایک استاد تعینات ہے، اپنے قیام سے لیکر ابتک اس ایک کمرے کے عمارت کی نہ کوئی مرمت ہوئی ہے اور نہ ہی یہاں پر کوئی اضافی سہولیات فراہم کئے گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ طلباء کی تعداد زیادہ ہے مگر محکمہ تعلیم اس ادارے کی طرف توجہ نہیں دے رہی۔ انہوں نے بتایا کہ طلباء کے بیٹھنے کیلئے چٹائی بھی خود طلباء نے چندہ اکھٹا کرکے خریدا ہے، گرمیوں کے مہینوں میں طلباء کو مختلف گروپس میں درخت کے سائے میں بٹھایا جاتا ہے، سردیوں میں اس کمرے کے اندر تعلیم حاصل کرتے ہیں مگر سکول کے لئے سٹو و بھی طلباء کے چندوں سے خریدا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مکتب سکول کے عمارت کی مناسب مرمت نہ ہونے کی وجہ سے یہ مخدوش ہے اور کسی بھی وقت منہدم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی مرتبہ محکمہ تعلیم کے نوٹس میں یہ بات لایا گیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سکول کی طرف توجہ دیجائے، عمارت کی مکمل مرمت کے ساتھ ساتھ سکول کے لئے اضافی سہولیات فراہم کئے جائیں اور ٹیچنگ اسٹاف میں اضافہ کیا جائے۔