ایون اور کالاش ویلیز روڈ کی تعمیر میں مزید تاخیر برداشت نہیں،ایک مہینے کے بعد احتجاجی تحریک شروع کرینگے/آل پارٹیز کانفرنس

اشتہارات

چترال(محکم الدین)آل پارٹیز چترال نے ایون اینڈ کالاش ویلیز روڈ کو بلا تاخیر شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مسلم اینڈ کالاش ڈیفنس کونسل کے زیر اہتمام چترال پریس کلب میں آل پارٹیز اجلاس و پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالاش ویلیز روڈ بین الاقوامی اہمیت کا حامل روڈ ہے اور گذشتہ حکومت میں اس کی سیاحتی اور دفاعی اہمیت کے پش نظر تعمیر کی منظوری دے کر ٹینڈر طلب کئے گئے تھے لیکن موجودہ حکومت اس کی تعمیر شروع کرنے کی بجائے مسلسل روڑے اٹکا رہی ہے۔ چترال پریس کلب میں مسلم لیگ ن کے رہنما سید احمد کی زیر صدارت اجلاس میں آل پارٹیز کے قائدین عبدالولی ایڈوکیٹ، نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ محمد کوثر ایڈوکیٹ مسلم لیگ ن،عالمزیب ایڈوکیٹ پاکستان پیپلز پارٹی، عیدالحسین عوامی نیشنل پارٹی، عبد الجبار پاکستان تحریک انصاف،جمیلہ کالاش خاتون، محمد صابرصدر ٹرانسپورٹ یونین، مولانا خلیق الزمان خطیب شاہی مسجد چترال اور مسلم اینڈ کالاش ڈیفنس کونسل کے رہنما عبدالمجید قریشی، وجیہ الدین، جندولہ خان، صالح نظام نے کہاکہ کالاش ویلی روڈ مقامی کمیونٹی اور سیاحوں کا بنیادی مسئلہ ہے، دنیا بھرکے سیاح اس راستے سے کالاش وادیوں کی سیر کیلئے آتے ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ اس روڈ کی تعمیر میں سردمہری کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ حالانکہ ٹینڈرکے بعد چار سال گزر گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سیاحتی روڈکی تعمیر آئندہ سیاحتی موسم سے پہلے پہلے مکمل کیا جائے بصورت دیگر مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ معاؤن خصوصی وزیر زاد ہ کے عہدے پر ہم خوشی کا اظہار کرتے ہیں لیکن انہیں چترال بھر کا دورہ کرکے منصوبوں کے اعلانات کی بجائے اپنی کمیونٹی اور علاقے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جبکہ اس کی اپنی کمیونٹی کے لوگ شکستہ حال کالاش ویلی روڈ کی وجہ سے مصیبت سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک مہینے کے اندر سڑک پر کام شروع نہ کیا گیا تو کالاش کمیونٹی سمیت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ اس موقع پر اجلاس میں منظور کردہ متفقہ قرارداد بھی پڑھا گیاجس میں روڈ کو فوری شروع کرنیکا مطالبہ کیا گیا تھا۔