ڈپٹی کمشنر چترال اپر محمد علی نے ضلعی محکموں کے افسران کے ہمراہ اویر اور لون میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا

اشتہارات


چترال(چ،پ)ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے اویر اور لون کے دورافتادہ علاقوں میں کچہریوں کا انعقاد کیا جس میں مقامی عمائدین اور عوام نے شر کت کرکے ڈی سی اپر چترال کے سامنے اپنے مسائل رکھے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد علی نے اوپر ویلی اور لون میں الگ الگ کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، اس موقع پر مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان اور افسران موجودتھے۔ ان کھلی کچہریوں میں عوام نے مسائل کے انبار رکھے۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد علی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اپرچترال میں عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے بعض مسائل کے حوالے سے موقع پر احکامات جاری کردئیے جبکہ دیگر معاملات و مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنے کا وعدہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے محکموں سے شکایات کو سنجیدہ لیکر ان کو جلد از جلد حل کریں تاکہ عوامی مشکلات میں کمی آسکے۔
اس حوالے سے اویر اور لون کے عمائدین نے ان علاقوں میں کھلی کچہری منعقد کرنے پر ڈی سی اپر چترال کا شکریہ ادا کیا کہ پہلی مرتبہ کسی ڈی سی نے مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان کے ہمراہ ان علاقوں کا دورہ کیا۔