پاکستان تحریک انصاف چترال کے قائدین کو وزیر اعلیٰ کے پروگرام میں شرکت سے روک دیاگیا، بعد ازاں اجازت ملی

اشتہارات

چترال(محکم الدین)وزیراعلی خیبر پختونخوا کے دورے کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر سجاد احمد جنرل سیکرٹری شہزادہ فیصل، صدر تحصیل دروش ارشاد عالم مکرر،جنرل سیکرٹری سب ڈویژن دروش بہرام سید،سینئروائس پریزیڈنٹ محمود بیگ،سنئیر نائب صدر تحصیل چترال حیات الرحمن، رہنما مہتاب ضیاب وحاجی عبدالرحمن کو وزیر اعلی کے پروگرام میں شرکت کرنے سے روک دیا گیا جو وزیر اعلی کے دورے کے انتظامات کے بعد دروش سے چترال آرہے تھے کہ راستے میں پولیس نے انہیں روک لیا۔ اس موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر سجاد احمد نے کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ میری پارٹی کی حکومت ہے اور میرے صوبے کے وزیر اعلی چترال آرہے ہیں لیکن مجھے اور میری کابینہ کو اس کے پروگرام میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہاکہ در اصل یہ معاؤن خصوصی وزیر اعلی وزیر زادہ، چیمبر کے سرتاج احمد خان اور عبد اللطیف کی سازش ہے جو ہمیں وزیر اعلی سے ملنے نہیں دے رہے تاکہ ہم ان کے ناقص کارکردگی اور ان کی وجہ سے پارٹی کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں وزیر اعلی کو آگاہ نہ کر سکیں اور ان کا امیج برقراررہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خاموش نہیں رہیں گے، وزیر زادہ اور سرتاج احمدخان ہوا کے گھوڑے پر سوارہیں اورکسی کی بات کو خاطر میں نہیں لاتے، وزیر زادہ لابی بن چکے ہیں اورپارٹی کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں اس لئے ہمارا راستہ روک رہے ہیں۔
درین اثنا پولیس ذرائع نے کہا ہے۔ کہ انتظامیہ کی طرف سے ارشادمکرر اور اظہار دستگیر کو وزیر اعلی کے پروگرام سے روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہم نے صدر سجاد اور ان کی کابینہ کو وزیر اعلی کے پروگرام میں جانے سے نہیں روکا۔ وہ اپنی مرضی سے ارشاد مکرر سے یکجہتی کرتے ہوئے ہوئے رکے ہیں۔ پولیس نے ان کا راستہ نہیں روکا ہے، پولیس پر ان کا الزام بے بنیاد ہے۔