57

آل پاکستان ریجنل نیوز پیپرز سوسائٹی کے زیر اہتمام اسلام آباد میں مطالبات کے حق میں احتجاجی کیمپ


اسلام آباد(نامہ نگار) ریجنل اور لوکل اخبارات کی ملک گیر نمائندہ تنظیم آل پاکستان ریجنل نیوز پیپرز سوسائٹی (APRNS)کے زیر اہتمام اسلام آباد میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔ احتجاجی کیمپ کی قیادت تنظیم کے مرکزی بانی صدر غلام مرتضیٰ جٹ نے کی جبکہ اس کیمپ میں ملک بھر سے مقامی اخبارات کے مالکان، ایڈیٹر ز اور دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر غلام مرتضی جٹ نے کہا کہ ریجنل اور لوکل اخبارات ملک کے نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، یہ اخبارات مقامی لوگوں اور حکومت کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں، ان اداروں کے ساتھ ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے مگر بدقسمتی سے ریجنل اور لوکل اخبارات کو دیوار سے لگانے کی کوششیں ہورہی ہیں، ریجنل اور لوکل اخبارات مختلف مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے قیام سے لیکر ابتک اے پی آر این ایس ریجنل اور لوکل اخبارات کے مسائل کے حل کے لئے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئی ہے۔ غلام مرتضیٰ جٹ نے کہا کہ اے پی آر این ایس کے فورم سے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا ہے جوکہ ریجنل اور لوکل اخبارات کی آواز ہے۔ انہوں نے حکومت سے پرزور الفاظ میں مطالبہ کیا کہ اے پی آر این ایس کی طرف سے پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ کو میڈیا بل کا حصہ بنایا جائے، اس چارٹر پر اسمبلی میں بحث کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پر امن احتجاج کا آغاز کردیا ہے اوریہ سلسلہ جاری رہیگا۔ غلام مرتضی جٹ نے تمام صوبوں کے وزرا اطلاعات سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں ریجنل اور لوکل اخبارات کے مسائل حل کریں۔
اس موقع پر ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے اخبارات کے مالکان، مدیران اور صحافیوں نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ گوناگوں مسائل اور مشکلات کے باوجود ریجنل اور لوکل اخبارات نے اپنی اشاعت جاری رکھا ہوا ہے جوکہ اس ملک اور قوم کی عظیم خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ APRNSکی طرف سے مقامی اخبارات کے مسائل اور درپیش مشکلات کے حل کیلئے مرکزی صدر نے جو چارٹر آف ڈیمانڈ جاری کیا ہے وہ تمام مقامی اخبارات کی آواز ہے اور ملک بھر کے ریجنل اور لوکل اخبارات اس سے متفق ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تنظیم کے پلیٹ فارم سے لوکل اور ریجنل اخبارات کے حقوق کے تحفظ کیلئے پر امن احتجاج پر بھرپور ساتھ دینگے۔ اخباری صنعت سے منسلک افراد بے مقامی اخبارات کی نمائندہ تنظیم بناکر انہیں ایک پلیٹ مہیا کرنے اور منظم تحریک چلانے پرمرکزی صدر غلام مرتضیٰ جٹ اور مرکزی کور کمیٹی کے دیگر اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی طرف سے ہر قسم تعاؤن کا یقین دلایا۔