آل پاکستان ریجنل نیوز پیپرز سوسائٹی کی دوسری یوم تاسیس کے حوالے پریس کلب چترال میں تقریب کا انعقاد/تنظیم کے جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا

اشتہارات

چترال(چ،پ)ریجنل اخبارات کی ملک گیر نمائندہ ایسوسی ایشن ”آل پاکستان ریجنل نیوز پیپرز سوسائٹی“ (APRNS) کے قیام کے دوسال مکمل ہونے پر چترال پریس کلب میں یوم تاسیس کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت پریس کلب چترال کے صدر ظہیرالدین نے کی۔ اس تقریب میں مقامی صحافیوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے پی آر این ایس کے ترجمان و چیف ایڈیٹر ہفت روزہ چترال پوسٹ کمال عبدالجمیل نے کہا کہ ملکی سطح پر ہزاروں کی تعداد میں ریجنل اور لوکل اخبارات میڈیا انڈسٹری میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں، یہ اخبارات پاکستان کے نظریاتی اساس کے محافظ ہیں، ان اخبارات کے ساتھ ہزاروں صحافیوں کا روزگار وابستہ ہے، مگر اس انڈسٹری میں ریجنل اخبارات کو کئی ایک مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اسلئے ملک بھر کے ریجنل اخبارات کو ایک منظم پلیٹ فارم فراہم کرنے، ریجنل اخبارات کے مسائل و اجاگر کرنے، مسائل کے حل اور حقوق کے تحفظ کے لئے نامور سنیئر صحافی غلام مرتضیٰ جٹ جی ایم جٹ کی سربراہی میں ایک منظم ادارہ ”آل پاکستان ریجنل نیوز پیپرز سوسائٹی“ کے نام سے قائم کیا گیا جس پر ہم بانی صدر جی ایم جٹ کے ویژن اور تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور آج اسکے عملی جدوجہد کے دو سال مکمل ہوگئے ہیں۔ ان دو سالوں میں اس ادارے نے بانی صدر، کور کمیٹی کے اراکین کی شبانہ روز محنت اور کوششوں سے ریجنل اخبارات کے حقوق کا بھرپور انداز میں تحفظ کیا ہے اور کئی ایک مسائل حل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ APRNSاس وقت چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں فعال ہے۔ انہوں نے ریجنل سطح پر صحافتی خدمات میں چترال پریس کلب کے کردار کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چترال پریس کلب نے چترال کی ترقی اور عوامی مسائل اجاگر کرنے میں ایک جاندار ادا کیا ہے۔ انہوں نے آج کی اس تقریب کے انعقاد کو پریس کلب میں یقینی بنانے پر پریس کلب کے صدر اور دیگر اراکین کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چترال پریس کلب کے صدر ظہیرا لدین نے ریجنل اخبارات کی نمائندگی اور انکو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی غرض سے اے پی آر این ایس کے قیام کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں مقامی اخبارات کی اہمیت مسلمہ ہے، انکا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے اور میڈیا انڈسٹری میں مقامی اخبارات کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ انہوں نے اے پی آر این ایس کے مرکزی بانی صدر اور دیگر اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا صحافتی تنظیموں اور اداروں کا منظم ہونا جمہوریت کی کامیابی کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چترال پریس کلب اپنی روایات کے مطابق ریجنل اخبارات کے اس قومی تنظیم کے ساتھ ہر ممکن تعاؤن کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
بعد ازاں چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین، اے پی آر این ایس کے ترجمان اور دیگر صحافیوں نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔