پی پی پی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے خلاف احتجاجی جلوس

اشتہارات

چترال (چ،پ) پی پی پی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر پارٹی کارکنوں نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا جو پریس کلب چترال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کی شکل اختیار کر لی جس کی قیادت پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم خان اور دوسرے سینئر رہنما انجینئر فضل ربی جان، محمد حکیم ایڈوکیٹ، قاضی فیصل، عالم زیب ایڈوکیٹ، شریف حسین اور دوسرے کررہے تھے۔ پی پی پی کے کارکنوں نے علی امین گنڈاپور کے خلاف سخت نعرہ بازی کی اور ان کے پتلے کو گھسیٹتے ہوئے پاؤں تلے رونڈ ڈالا۔ اس موقع پر احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سلیم خان نے کہاکہ علی امین گنڈاپور اپنی اوقات اور بساط سے بڑھ کر بات کرنے کی کوشش کی ہے اور ایسی بات اپنی گندی زبان پر لانے سے پہلے سو مرتبہ سوچ لے کہ ان کی اپنی کیا حیثیت ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے ایک محبوب رہنماء کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھٹو نے اپنی جان کی پروا ہ نہ کرتے ہوئے اور عالمی استعماری طاقتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کرایٹمی پروگرام کو جاری رکھا اور ملک کو پہلی ایٹمی قوت بنا کر اگر غدار ہے تو آج پی پی پی کا ہر ایک کارکن غدار ہے جوکہ ملک کی حفاظت کے لئے جان دینا اپنے لئے فخر سمجھتا ہے۔ انہوں نے علی امین گنڈاپورپر شدید الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انکی زبان گندی ہے اور اکثر و بیشتر اس طرح گری ہوئی باتیں کرتے ہیں۔ سلیم خان نے آزاد کشمیر میں علی امین گنڈاپور کی منفی اور متشددانہ سرگرمیوں پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی خاموشی کو معنی خیز قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ سب آزاد کشمیر میں الیکشن کی بجائے سیلیکشن کی راہیں ہموار کرنے کی طرف واضح اشار ہ ہیں اور نادیدہ قوتیں یہاں بھی سیلیکشن پر تلی ہوئی ہیں۔ پی پی پی کے صوبائی رہنما نے امین گنڈاپور سے مطالبہ کیا کہ وہ بھٹو کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرنے پر پارٹی کارکنوں سے اوپن فورم میں غیر مشروط معافی مانگ لیں ورنہ انہیں ملک کے ہر کونے میں جوتے پڑجائیں گے اور اپنی ماضی کی طرف نظر کریں کہ ان کے آباواجداد نے انگریزوں کی چمچہ گیری کرکے جائیداد بنائے تھے۔ انہوں نے کہاکہ روزافزوں مہنگائی وگرانی سے عوام پہلے ہی پریشان ہے اور ان کے محبوب قائد کے خلاف گندی زبان استعمال کرنے سے ان کے غصے میں مزید اضافہ ہوگا.