ہنڈی کیپ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام معذوری اور اعصابی صحت کے حوالے سے چترال یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد

اشتہارات

چترال (چ،پ) غیر سرکاری ادارے ہینڈی کیپ انٹرنیشنل (Handicap International)کے زیر اہتمام معذوری اور اعصابی صحت کے حوالے سے یونیورسٹی آف چترال میں ایک روزہ آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس اور اسٹاف کے علاوہ دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق ہینڈی کیپ انٹرنیشنل نے خیبر پختونخوا میں صحت اور تعلیم کے اداروں میں آگاہی پروگرام کے تحت ”وباء کے دوران معذور افراد“ پر توجہ کے حوالے سے آگاہی سمینارکا انعقاد کیا جسمیں ماہرین نفسیات نے دماغی صحت کے حوالے سے پریزنٹیشن دئے، انہوں نے چترال میں مینٹل ہیلتھ کے حوالے سے مسائل پر بھی روشنی ڈالے۔ ہینڈی کیپ کے پراجیکٹ منیجر محمد دیان نے جسمانی معذوری کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہاکہ معذور افراد کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا بلکہ معذور افراد معاشرے میں اپنا کردار اد ا کر رہے ہیں، انہیں مواقع فراہم کرنے چاہیے۔ انہوں نے وباء سے نمٹنے کے اقدامات میں معذور اور اعصابی امراض سے متاثرہ افراد پر خصوصی توجہ دینے کے اقدامات پر زور دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف چترال ڈاکٹر ظاہر شاہ نے اس آگاہی سیمینار کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا مینٹل ہیلتھ کے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پانے کے لئے آگاہی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے اس سیمینار کے انعقاد پر ہینڈی کیپ انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرامات سے آگاہی پھیل کر رویوں میں مثبت تبدیلی آئینگی۔