تھانہ لاسپور اور ہرچین چیک پوسٹ دوسرے جگہے میں قائم کئے جائیں، عوامی آرامگاہ اور ریسٹ ہاؤس پر قبضہ کرنے نہیں دینگے/عمائدین لاسپور

اشتہارات

لاسپور(نامہ نگار) لاسپور کے عمائدین نے ہرچین لاسپور میں عوامی آرام گاہ کی عمارت میں پولیس اسٹیشن کے قیام کو مسترد کرتے ہوئے فوری طور پر اسے کسی دوسرے جگہ پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ گذشتہ روزہرچین کے عمائدین کا ایک ہنگامی اجلاس زیرصدارت سابق یونین کونسلر ومشہورسیاسی و سماجی شخصیت نگاہ بن شاہ منعقد ہوا جس میں علاقے کے عمائدین سہروردی خان یفتالی، محمد شریف خان اور سابق ممبر یونین کونسل لاسپور عدیراحمد خان کے علاوہ بڑی تعداد میں علاقے کے عمائدین نے شرکت کی۔ میٹنگ میں متفقہ قرار داد کے ذریعے ضلعی انتظامیہ و ضلعی پولیس آفیسر اپرچترال سے مطالبہ کیا گیا کہ
سابق ممبر صوبائی اسمبلی حاجی غلام محمد کی طرف سے دئیے گئے فنڈزسے عوامی سہولت کے لئے ہرچین لاسپور میں مین رودڈ پر آرام گاہ تعمیر کیا گیا ہے، یہ آرام گاہ عوام کی سہولت کے لئے مین شندور روڈ میں محکمہ ہیلتھ کی زمین پر تعمیر کیا گیا ہے۔ پچھلے کچھ مہینوں سے پولیس تھانہ ہرچین لاسپور اس عوامی آرام گاہ کے اوپر غیرقانونی قبضہ کرنے کی کوشش کررہاہے جسے مسترد کیا جاتا ہے۔ عمائدین نے کہا کہ جو چیک پوسٹ ہرچین میں قائم کیا گیا ہے وہ انتہائی نامناسب جگہ ہے، جہاں پولیس چیک پوسٹ لگایا گیا ہے وہاں پیدل چلنے والوں کے لئے کوئی دوسرا پیدل چلنے کے لئے متبادل راستہ نہیں ہے۔ پیدل چلنے والی خواتین و حضرات کو بھی اسی پولیس چیک پوسٹ سے ہی گزر کر جانا پڑ رہا ہیجوکہ بالکل نامناسب ہے۔
عمائدین علاقہ نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ہرچین لاسپور کا موجودہ تھانہ بھی غیر قانونی قبضہ کرکے پولیس سٹیشن میں تبدیل کیا گیا ہے۔ موجودہ غیرقانون تھانہ سٹیٹ کے دور میں ریسٹ ہاوس تھا، سیاحوں کا ادھر آنا جانا رہتا تھا، وہ زمین ضلعی انتظامیہ اور سی اینڈ ڈبلیو کا تھا جس کواب غیرقانونی طور پر پولیس سٹیشن کے طورپر استعمال کیا جارہا ہے۔
عمائیدین نے ڈپٹی کمشنر و ضلعی پولیس افیسر اپرچترال سے پرزور اپیل کی ہے، کہ ان تمام نکات کی مکمل انکوائری کے بعد قانونی کاروائی عمل میں لایا جائے اور پولیس سٹیشن کو گاؤٗں سے الگ مین روڈ پر کسی سرکاری زمین میں منتقل کیاجائے۔ مطالبات پرعمل نہیں ہونے کی صورت میں عوام بھرپور احتجاج کرے گی۔