چترال کے مقامی باشندے اکنامک زون میں پلاٹوں کی خریداری کیلئے آگے آئیں/سرتاج احمد خان

اشتہارات

چترال(محکم الدین) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خیبر پختونخوا کے رکن سرتاج احمد خان نے کہا ہے کہ یہ چترال کے لوگوں کیلئے انتہائی خوشی کا مقام ہے کہ چترال اکنامک زون ملاکنڈ ڈویژن کا پہلا زون ہے جس کو اسٹبلشڈ کرنے کیلئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے اس کے اپروول میں خصوصی دلچسپی لی اور ایک مہینے کے اندر 98 کنال زمین کی منظوری دی۔چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کا یہ اقدام چترال میں اکنامک زون کے قیام کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے ماربل سٹی کی منظوری دی، سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اسے انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کیلئے دلچسپی لی جبکہ موجودہ وزیر اعلی نے عملی طور پر اسے اکنامک زون بنا کر چترال کی ترقی کی راہیں کھولنے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ چترال کے لوگ آج بھی کاروباری سوچ نہیں رکھتے اور اپنے لئے پلاٹ کی رجسٹریشن میں بدستور سستی اور عدم دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ ہماری کوشش ہے کہ سو فیصد چترال کے لوگ اس اکنامک زون سے استفادہ کریں اور صنعتیں لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں چترال سے باہر کے لوگ اکنامک زون میں پلاٹ کی خریداری کیلئے تیار کھڑے ہیں لیکن ہماری ترجیح چترال کے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے لوگ اگر اس میں دلچسپی نہیں لیں گے تو بعد میں گلہ قبول نہیں کیا جائے گا، اس لئے کاروباری لوگ چھوٹے پیمانے کی صنعتیں لگانے کیلئے بلاتاخیر پلاٹ کی رجسٹریشن کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال مستقبل میں بزنس ہب بنتا جا رہا ہے اس لئے موقع سے فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے اورسیز چترالی اور ملک کے بڑے شہروں میں رہائش پذیر چترالی بھائیوں سے اپیل کی کہ چترال کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اکنامک زون میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔
اس موقع پر اکنامک زون کے منیجر احتشام اقبال، کمرشل آفیسر محمد قریشی نے کہا کہ چترال ملاکنڈ ڈویژن کا پہلا اکنامک زون ہے، یہاں پانچ میگاواٹ بجلی سبسڈائزڈ ریٹ پر صنعتوں کو فراہم کی جائے گی اور چار پانچ سال کیلئے یہ ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جم اینڈ جیولری ، فوڈ پراسسنگ سمیت کئی صنعتیں یہاں لگائی جا سکتی ہیں جس سے آٹھ ہزار ملازمین کی آسامیاں پیدا ہوں گی۔ اس لئے موقع سے فائدہ اٹھایا جاء۔ بصورت دیگر پچھتانا پڑے گا۔ اس موقع پر اکنامک زون کے پہلے اور دوسرے پلاٹ خریدار بشیر حسین آزاد اور محمد وزیر خان کی دلچسپی کی تعریف کی گئی۔ پریس کانفرنس میں سابق نائب صدر چترال چیمبر ڈاکٹر نذیر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔