تحریک انصاف اپرچترال میں اختلافات کے خاتمے کیلئے جنرل سیکرٹری آفتاب طاہر، تحصیل مستوج کے صدور محمد وزیر اور سردارحکیم عہدوں سے مستعفی

اشتہارات

بونی(افگن رضا) پاکستان تحریک انصاف اپر چترال نے پارٹی کے اندر اختلافات کے خاتمے، پارٹی کو منظم کرنے اور آنیوالے بلدیاتی انتخابات کیلئے بھرپور تیاری کے سلسلے میں ایک غیر معمولی اجلاس کا انعقاد گذشتہ روز کیا گیا جس میں پارٹی کے ضلعی کابینہ کے اراکین کے علاوہ سنیئر کارکنان، تحصیل گورننگ باڈی کے اراکین، تحریک انصاف کے ذیلی شاخوں ویلفیئر ونگ، انصاف یوتھ ونگ، انصاف اسٹوڈنس ایسوسی ایشن، وومن ونگ کے صدر و جنرل سیکریٹری دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو جاری کئے گئے ایک بیان میں ضلعی سیکرٹری اطلاعات سید مختارعلی شاہ ایڈوکیٹ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آج کے اس اہم اجلاس میں اپر چترال میں تحریک انصاف کے اندر اختلافات بالخصوص تحصیل مستوج کے گورننگ باڈی کی تشکیل کے حوالے سے پیدا شدہ صورتحال پر تفصیلی بحث ہوئی۔ شرکاء اجلاس نے کہا کہ یہ وقت اختلافات کو ختم کرکے باہم اتحاد واتفاق سے اپر چترال کی ترقی کے لئے کوششیں کر نے کا ہے، آنیوالے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کو وننگ پوزیشن پر لانے کے لئے پارٹی کے کارکنان متحد ہو کر کوشش کریں گے۔ بعد ازاں طویل مشاورت کے بعد پارٹی کے بہتر مفاد میں ضلعی گورننگ باڈی کے جنرل سیکرٹری آفتاب ایم طاہر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا جبکہ تحصیل گورننگ باڈی کے دو نوں صدور سردار حکیم اور محمد وزیر نے بھی پارٹی کے وسیع تر مفاد میں اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔ شرکاء اجلاس نے ضلعی صدر رحمت غازی کو اختیار دیا کہ وہ کابینہ کی مشاورت سے اپر چترال کے لئے کابینہ تشکیل دیں جس میں اپر چترال کے نظر انداز شدہ علاقوں کی نمائندگی یقینی ہو۔ اس موقع پر شرکاء اجلاس نے پارٹی کے بہتر مفاد میں قربانی دینے پر آفتاب ایم طاہر، سردار حکیم اور محمد وزیر کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی قربانیوں کی وجہ سے پارٹی کے اندر اختلافات کا خاتمہ ہو گیا۔ شرکاء اجلاس نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاؤن خصوصی وزیر زادہ پر مکمل طور پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپر چترال کیلئے انکی بے لوث خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بجٹ میں اپر چترال کے اندر ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے میں اپنا بہترین کردار ادا کرینگے۔ شرکاء اجلاس نے امید ظاہر کی کہ وزیر زادہ ضلع اپر چترال میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کو فعال بنانے میں اپنا کردار اکرینگے۔
چترال پوسٹ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کے ترجمان سید مختار علی شاہ ایڈوکیٹ نے پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری آفتاب ایم طاہر، دو الگ الگ نوٹیفکیشن کے ذریعے مقرر شدہ تحصیل مستوج کے صدر سردار حکیم اور محمد وزیر کے استعفوں کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ ضلع اپر چترال میں نئے گورننگ باڈی کی تشکیل کے بعد تحصیل گورننگ باڈی کی تشکیل کے حوالے سے پارٹی کے اندر اسوقت اختلافات پیدا ہوگئے جبکہ ضلعی کابینہ کی طرف سے سردار حکیم کو تحصیل گورننگ باڈی کا صدر تعیناتی کا اعلامیہ جاری کیا گیا مگر چند دنوں بعد ضلعی جنرل سیکرٹری کی طرف سے محمد وزیر کی سربراہی میں تحصیل گورننگ باڈی تشکیل دی گئی جسے بعد ازاں ریجنل صدر و جنرل سیکرٹری نے بھی تسلیم کیا تھا جس کے بعد اپر چترل تحریک انصاف میں اختلافات میں اضافہ ہوگیا۔