302

سی اینڈ ڈبلیو کے ایس ڈی او عتیق فاروق کا تبادلہ، سیکرٹریٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت

چترال(چ،پ)صوبائی حکومت نے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ چترال میں بحیثیت ایس ڈی او تعینات سب انجینئر محمد عتیق فاروق کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر سی اینڈ ڈبلیو سیکرٹریٹ پشاور میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں بی ایس 16کے سب انجینئر محمد عتیق فاروق کو چترال سے تبدیل کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر سی اینڈ ڈبلیو سیکرٹریٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سی اینڈ ڈبلیو کے ایس ڈی او سب انجینئر محمد عتیق فاروق نے ڈپٹی کمشنر چترال پر انہیں حبس بے جا میں رکھنے کا الزام عائد کیا تھا جبکہ دوسری طرف ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں سالانہ مرمت اور دیکھ بھال (M&R) کے فنڈز میں بڑے پیمانے پر خرد برد ہوئی ہیں اور اس بابت تحقیقات کے سلسلے میں سب انجینئر عتیق فاروق تعاؤن نہیں کر رہے تھے۔ جب بعض ذرائع کے مطابق عتیق فاروق نے وزیر اعلیٰ کے معاؤن خصوصی وزیر زادہ اور اسکے بعض ساتھیوں پر ایم اینڈ آر فنڈ کے حوالے سے کرپشن کے الزامات لگائے تھے اور اس سلسلے میں پی ٹی آئی ہی کے بعض رہنماء سوشل میڈیا میں سرگرم بھی رہے۔
یاد رہے کہ چند ہفتے قبل بھی عتیق فاروق کا چترال سے تبادلہ ہوگیا تھا جو کہ بعد ازاں کینسل ہوا جس پر پی ٹی آئی کے بعض سرگرم کارکنان کی طرف سے سوشل میڈیا پر موقف اپنایا گیا کہ مبینہ کرپشن کی تحقیقات کیلئے عتیق فاروق کے تبادلے کو روکنا ضروری تھا۔