این سی او سی نے کل سے ٹرانسپورٹ بحال کرنے, 17مئی سے کاروبار اور دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا

اشتہارات

اسلام آباد(ویب ڈیسک)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پبلک ٹرانسپورٹ کو کل سے بحال کرنے کا اعلان کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر، لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں معاؤن خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی جبکہ صوبائی چیف سیکریٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ فورم نے عید تعطیلات کے دوران ایس او پیز کے نفاذ کا جائزہ لیا اطمینان کا اظہار کیا۔ فورم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں خصوصاً ملک بھر میں عوام کی طرف سے تعاون کو سراہا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام بین الصوبائی، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو پہلے دی گئی تاریخ 17 مئی کے بجائے 16 مئی 2021 ء سے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ ریلوے 70 فیصد کے ساتھ اپنے آپریشن کو برقرار رکھے گا جب کہ 17 مئی سے تمام دفاتر، بازار اور دکانیں کھل جائیں گی جنہیں رات 8 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی جبکہ دفاتر میں پچاس فیصد عملے کے ساتھ عمومی اوقات کار دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔