کالاش تہوارچلم جوشٹ کے موقع پر چترال میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی ہوگی/ضلعی انتظامیہ چترال

اشتہارات

چترال(چ، پ)ضلعی انتظامیہ چترال لوئر نے واضح کیا ہے کہ کورونا وباء کے حالیہ لہر کے پیش نظر اس سال عیدالفطر اور کالاش تہوار چلم جوشٹ کے موقع پر چترال کے کسی بھی سیاحتی مقام میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق کالاش تہوار چلم جوشٹ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر چترال لوئر کے دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں تینوں کالاش وادیوں (بریر، بمبوریت اور رمبور) کے کالاش قاضی / کالاش کمیونٹی کے عمائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کوویڈ 19 وبائی مرض کی موجودہ لہر کی وجہ سے ہر قسم کے سماجی، ثقافتی، سیاسی اور مذہبی پروگراموں، اجتماعات اور جلوسوں پر پابندی عائد ہے۔ اجلاس میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ کالاش تہوار محدود منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیاکیونکہ 8 مئی سے 16 مئی 2021 تک حکومت کی طرف سے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تہوار میں کسی بھی ملکی یا غیر ملکی سیاح کو وادی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس موقع پرچترال کے خاص طور پر اور سیاحتی مقامات میں وادیوں کے داخلی راستے سیل کردیئے جائیں گے اور این سی او سی، وزارت داخلہ اور محکمہ داخلہ کے پی کی ہدایت کے مطابق کسی بھی سیاحوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔چونکہ انہی ایام میں عیدالفطر بھی ہوگی اسلئے عید الفطر کے موقع پر سیاحت کی غرض سے چترال آنے کا ارادہ کرنے والے سیاح بھی نوٹ کر لیں کہ سیاحتی مقامات میں داخلہ بند ہوگا۔