صوبائی حکومت کا سیاحت کی ترقی کیلئے کمراٹ اور مڈکلشٹ کے درمیان کیبل کار چلانے کا فیصلہ

اشتہارات

پشاور(م،ڈ) صوبائی حکومت نے صوبے میں سیاحت کی ترقی کے لئے متعدد اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں سب اہم کمراٹ (اپر دیر) اور مڈکلشٹ (چترال) کے درمیان کیبل کار چلانے کا منصوبہ ہے جوکہ دنیا کی سب سے اونچی اور طویل کیبل کار سروس ہوگی۔ اس کیبل سروس کا فاصلہ 14 کلومیٹر ہوگا۔ گذشتہ دنوں وزیر اعلیٰ محمود خان کی صدارت میں محکمہ سیاحت کا اجلاس منعقد ہوا جسمیں سیکرٹری سیاحت محمد عابد مجید، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ،اسپیشل سیکرٹری مسعود یونس،منیجنگ ڈائریکٹر ٹووارزم کارپوریشن کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سیاحت کی ترقی کے لئے مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا جن میں سب اہم اور بڑا منصوبہ کمراٹ سے مڈکلشٹ تک کیبل کار سروس شروع کرنے کا ہے۔اجلاس میں مذکورہ منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی اور انجینئرنگ ڈیزائن پرکام شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس کوبتایا گیا کہ منصوبہ 32 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گاجس کی فیزیبلٹی اسٹڈی 5 سے 6 ماہ میں مکمل ہوگی۔ بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ منصوبہ مکمل ہونے سے سالانہ 80 لاکھ ملکی وغیر ملکی سیاحوں کی آمد متوقع ہے جب کہ منصوبے میں اسٹیشنز پر کار پارکنگ اور ریسٹورنٹ کی سہولت بھی ہوگی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کیبل کار سروس کے دونوں اطراف کے اسٹیشنزپر کار پارکنگ کی سہولت جبکہ انٹرمیڈیٹ اسٹیشن پر ریسٹورنٹ کے علاوہ دیگر سہولیات بھی دستیاب ہوگی اور بین الاقوامی معیار اور طرز کا یہ کیبل کار اپنی نوعیت کا منفرد کیبل کار ہوگاجو بہت بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو صوبے کی طرف راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یہ منصوبہ اس بنیاد پر انتہائی قابل عمل ہے کہ اس میں زمین کی خریداری اور معاوضوں کی ادائیگی کے مسائل سامنے نہیں آئیں گے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو منصوبے کی فیزیبیلیٹی اور انجینئرنگ ڈیزائن پر جلد سے جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے انتہائی اہم اور قابل عمل منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ صوبے میں سیاحت کے فروغ کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں سیاحت کو فروغ دیکر لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور صوبے کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں نئے سیاحتی مقامات کو ایکسپلور کرنے کے علاوہ سیاحتی مقامات تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ دیگر اقدامات شامل ہیں۔
اجلاس میں صوبے کے جنوبی اضلاع کے مشہور سیاحتی مقام شیخ بدین کی بحالی اور ترقی سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پرانے اور تاریخی سیاحتی مقام کی بحالی اور ترقی کے لئے نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایک منصوبہ رکھا گیا ہے جس کا پی سی ون تیار کرکے منظوری کے لئے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنمنٹ کے بعض میچوں کی پشاور میں انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں تیاریوں اور پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تمام تیاریوں اور لوازمات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔