ایس آر ایس پی نے سیلاب سے متاثرہ گولین ویلی میں بجلی سپلائی بحال کردیا

اشتہارات

چترال(نامہ نگار) سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ گولین ویلی میں بجلی کی فراہمی بحال کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس آر ایس پی کے متعلقہ اسٹاف نے مقامی کمیونٹی کے ساتھ ملکر گذشتہ چار، پانچ دنوں کی مسلسل کوششوں کے بعد گولین ویلی کے متاثرہ دیہات ازغور، باکا، اوچ اور گولین پائیں کو بجلی کی سپلائی بحال کردیا ہے۔ بجلی کی بحالی کے بعد علاقے میں مواصلاتی ذرائع بھی بحال ہوجائینگے۔ چند دن پہلے گولین ویلی میں گلیشیئر پھٹنے کے بعد آنے والے سیلاب کی وجہ سے انفراسٹرکچر کو بری طرح نقصان پہنچاہے اور بجلی فراہمی کے کھمبے اور ٹرانسمیشن لائن سیلاب برد ہونے کی وجہ سے متاثرہ دیہات کو بجلی فراہمی بند ہو گئی تھی جسکے بعد پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ ایس آر ایس پی نے فوری طور پر متبادل کھمبوں اور ٹرانسمیشن لائن کا بندوبست کرکے چاردنوں کی انتھک جدوجہد کے بعد متاثرہ دیہات کو بجلی کی فراہمی بحال کردی ہے جسکے بعد علاقہ ایک مرتبہ روشنی سے چمک اٹھا۔ سیلاب کے نتیجے میں جہاں انفراسٹرکچر کی تباہی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے وہیں بجلی سپلائی کی معطلی نے علاقے کو اندھیروں میں دھکیل دیا تھا اور لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوچکا تھا۔ ایس آر ایس پی کی طرف سے بجلی کی بحالی کے بعد مواصلات کا نظام بھی بحال ہوگا اور لوگوں کے مشکلات میں کمی آئے گی۔ مقامی لوگوں ایس آر ایس پی کی طرف سے فوری اقدامات پر ادارے کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایس آر ایس پی کی طرف سے چند ہی دنوں میں سیلاب زدہ علاقے میں بجلی کی بحالی نے عوامی حلقوں میں یہ سوال اجاگر کیا ہے کہ بالفرض اگر یہ ذمہ داری واپڈا کی ہوتی تو کتنے دنوں میں یہ بجلی بحال ہو پاتی؟ یقینا ایسی صورتحال میں واپڈا کا ادارہ اگر مہینوں میں نہیں تو ہفتوں میں اس جانب قدم اٹھاتی اور تب تک آفت زدہ علاقہ تاریکی میں ڈوبا رہتا کیونکہ عوامی حلقوں کو بخوبی علم ہے کہ واپڈا والے کسی خراب ٹرانسفر کو ٹھیک کرنے کیلئے کئی کئی ہفتے لگاتے ہیں۔