اپر چترال میں ٹیلی نار کی ناقص سروس،ضلعی انتظامیہ کا ٹیلی نار کمپنی کو سروس بہتر بنانے کی ہدایت

اشتہارات


اپرچترال (نامہ نگار) اپر چترال میں ٹیلی نار نیٹ ورک کی ناقص سروس اورمستقبل میں اس کو فعال بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عرفان الدین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر معظم خان، ایس،ایچ،او تھانہ بونی کے علاوہ ٹیلی نار کے ایریا منیجر توصیف الاسلام سمیت دیگر اہلکاروں نے شرکت کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عرفان الدین نے ٹیلی نار نیٹ ورک کے ایریا منیجر اور دوسرے ذمہ دران اہلکاروں کو اپر چترال میں ٹیلی نار نیٹ ورک کے ناقص سروس اور اس کے نتیجے میں عوامی ردعمل سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ ٹیلی نار سروس کو فوری ٹھیک کرنا وقت کی ضرورت اور عوام کا بھر پور مطالبہ ہے اس لئے جلد از جلد اپنے سروس کو قابل عمل بنایا جائے۔ ٹیلی نار نیٹ ورک کے ایریا منیجر نے ٹیلی نار سروس کو فعال بنانے کے ساتھ ساتھ ماہ اگست 2020 کے پہلے ہفتے میں 3G سروس کی باقاعدہ اجراء کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے بونی میں ٹیلی نار نیٹ ورک کا ایک اضافی ٹاور بھی لگانے کا عندیہ دیا جس پراے ڈی سی اپر چترال اور جملہ حاضرین نے ان کے اقدام کو سراہا اور ٹیلی نار سروس کی پختگی اور فعال بنانے پر زور دیا۔