محکمہ پولیس نے چترال میں ٹریفک وارڈن کا نظام متعارف کرادیا
چترال(نامہ نگار)محکمہ پولیس کی جانب سے چترال میں ٹریفک وارڈن کا نظام متعارف کردیا گیا۔اس حوالے سے چترال پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈی پی او چترال وسیم ریاض نے ضلع چترال میں ٹریفک وارڈن سسٹم متعارف کروایا۔ نئے نظام میں ٹریفک پولیس کے نظام میں نمایاں ظاہری اور عملی تبدیلی کے علاوہ عوام کے ساتھ بہتر اور دوستانہ رویے پر زور دیا گیا ہے۔اس نئے نظام کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او وسیم ریاض نے کہا کہ چترال پولیس کا امیج پہلے سے ہی بہتر ہے مگر اب اس نئے نظام کے متعارف ہونے پر ٹریفک پولیس کی کارکردگی میں مزید نکھارآئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک وارڈن نظام میں ٹریفک اسٹاف کے یونیفارم سمیت اور گیٹ اپ میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ نئے تقاضوں کے مطابق عملی تبدیلی بھی متعارف کی گئی ہے، خاصکر اس چیز پرخصوصی توجہ دی گئی کہ ٹریفک اسٹاف عوام کے ساتھ شائستہ برتاؤ رکھیں اور خوش اسلوبی کے ساتھ پیش آئیں، اسی لئے انہیں ”پہلے سلام، پھر کلام“ کا سلوگن دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ٹریفک اسٹاف کو ٹریننگ دی گئی تاکہ وہ عوام کی امیدوں پر پورے اتر سکیں اور اپنی ذمہ داریاں مزید احسن طریقے سے نبھا سکیں۔