کورونا متاثرین میں اضافہ،ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت 9نئے کیس سامنے آگئے

اشتہارات

چترال(گل حماد فاروقی)چترال میں کورونا وائرس کے متاثرین میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور جمعرات کے روز ایک ہی دن میں پانچ خواتین سمیت 9افراد کے ٹیسٹ پازیٹیو آگئے ہیں جن میں ایک ہی خاندان کے تین افراد بھی شامل ہیں۔محکمہ صحت کے فوکل پرسن ڈاکٹر نثار اللہ کے مطابق کورونا وائرس کے تمام متاثرہ افراد کو ٹیسٹ رپورٹ سامنے آنے پر آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرہ افراد میں کوشٹ(اپرچترال) سے ایک ہی خاندان کے تین افراد اور کوغذی سے دوافراد شامل ہیں جبکہ سین لشٹ، زرگراندہ، کجو اور اوسیک دروش سے ایک ایک شخص متاثرہوئے ہیں۔ ان تمام افراد کو پشاور سے آنے پر چترال کے مختلف قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا تھا۔
نئے سامنے آنے والے کیسز میں تین کا تعلق اپر چترال (کوشٹ) سے ہے جبکہ دیگر 6متاثرین کا لوئر چترال کے رہنے والے ہیں۔ ان نئے کیسز کے سامنے آنے بعد چترال میں کورونا متاثرین کی تعداد 28ہو گئی ہے جن میں لوئر چترال کے 20اور اپر چترال کے 8افراد شامل ہیں، اسی طرح خواتین کی تعداد 7ہوگئی ہے۔
چترال میں کورونا وائرس کے متاثرین میں مسلسل اضافے سے عوام میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔(۰۳اپریل