لوئر چترال میں کورونا وائرس کے دو مزید کیس سامنے آگئے،اپر چترال میں کورونا سے متاثرہ ایک مریض کا ٹیسٹ نیگٹیو آگیا

اشتہارات

چترال(گل حماد فاروقی)لوئر چترال میں کورونا وائرس کے دو مریضوں کے ٹیسٹ پازیٹیو آگئے جس کے بعد لوئر چترال میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14ہوگئی ہے جبکہ مجموعی طور پر چترال میں کورونا وائرس کے مریضون کی تعداد 19 ہو گئی۔ محکمہ صحت کے فوکل پرسن ڈاکٹر نثار اللہ کے مطابق دو مزید مریضوں کے ٹیسٹ پازیٹیو آئے ہیں جن میں شیر حیدر ولد شیر افسر عمر 23 سال سکنہ کاری چترال اور فضل رزاق ولد غلام فاروق سکنہ چمرکن عمر 19 سال شامل ہیں۔ فضل رزاق صوبہ سندھ کے ضلع شکار پور سے آیا تھا اور گورنمنٹ کالج آف کامرس کے ہاسٹل کے قرنطینہ مرکز میں تھا جبکہ شیر حید پشاور سے آیا تھا اور وہ بھی ہاسٹل نمبر2 کے قرنطینہ مرکز میں تھا۔
ان نئے پازیٹیو کیسز کے سامنے آنے کے بعد لوئر چترال میں کورونا وائرس سے متاثرہ افرادکی تعداد 14ہوگئی ہے جنمیں دو خواتین شامل ہیں جبکہ اپر چترال میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 5ہے۔
درایں اثناء اپر چترال سے اچھی خبر سامنے آئی ہے جسکے مطابق اپر چترال میں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض کا ٹیسٹ نیگٹیو آیا ہے۔ لاسپور سے تعلق رکھنے والے شیر گلاب کا کورونا ٹیسٹ نیگٹیو آیا ہے جسکے ساتھ ہی چترال میں کورونا سے متاثر ہونے کے بعد نیگٹیو ٹیسٹ آنے والے افراد کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔ گذشتہ دنوں لوئر چترال سے چار مریضوں کے ٹیسٹ نیگٹیو آئے تھے۔ ان مریضوں کا ایک اور ٹیسٹ کیا جائیگا اور وہ ٹیسٹ بھی نیگٹیو آنے پر انہیں صحت یاب قرار دیکر ہسپتال سے فارغ کیا جائیگا۔