کورونا وائرس صورتحال کا جائزہ،ڈی سی آفس میں اجلاس، تفصیلات جاری، لوئر چترال کے 70قرنطینہ مراکز میں ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد موجود ہیں،

اشتہارات

چترال (چ۔پ) کورونا وائرس سے پیدا صورتحال اور اس سلسلے میں احتیاطی و حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کی غرض سے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں گذشتہ 34دنوں کے دوران اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو جاری کئے گئے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ضلع لوئر چترال میں انتظامیہ نے 70قرنطینہ مراکز قائم کئے ہیں جہاں پر دوہزار تک لوگوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے جبکہ اسوقت ان قرنطینہ مراکز میں ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد کو رکھا گیا ہے۔ ڈی سی آفس چترال کی طرف سے میڈیا کو جاری کئے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ چترال ٹاؤن، دروش کے علاوہ قرنطینہ سنٹر بمبوریت، گرم چشمہ اور مڈکلشٹ میں بھی قائم کئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے سرکاری عمارتوں جن میں سکول، کالجز،ہاسٹل اور ریسٹ ہاؤ س شامل ہیں کے علاوہ نجی ہوٹلز اور ہاسٹلز میں بھی قرنطینہ مراکز قائم کئے ہیں اور دیگر اضلاع سے چترال پہنچنے والے افراد کو ان مراکز میں رکھا جا رہا ہے۔ فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق ابتک 800سے زائد افراد قرنطینہ مراکز سے فارغ کئے جاچکے ہیں۔ کورونا وائرس کے صورتحال سے نمٹنے کے لئے اقدامات کے تحت 30افراد کو رکھنے کیلئے آئسولیشن سنٹر ز قائم کئے گئے ہیں۔ ان آئسولیشن سنٹرز میں ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں 12بندوں کورکھنے کی گنجائش ہے جبکہ الخدمت سنٹر میں سات، میڈی کیئرمیں سات اور ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش میں 4 متاثرین کو آئسولیشن میں رکھنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔
ابتک چترال لوئر میں کوروناوائرس کے 5کیس سامنے آئے ہیں، 108مشتبہ کیس ہیں جنکی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، 19ٹیسٹ کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئے ہیں جبکہ 84ٹیسٹ نیگیٹوآئے ہیں۔
چترال پولیس کے مطابق لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کاروائی کے دوران 5738 ٹریفک چالان، اٹھارہ پچاس ہزار ٹریفک جرمانہ کے گئے ہیں جبکہ مختلف تھانوں میں کل 385ایف آئی آر درج کئے گئے اور 463افراد کو گرفتار کیا گیا۔ لاک ڈاؤن کے دوران 291گاڑیوں کو امپاؤنڈ کیا گیا۔