چترال میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اضافی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں/کمشنر ملاکنڈ ریاض خان محسود

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں سے لواری ٹنل کے راستے چترال میں داخل ہونے والے سوفیصد مسافروں کو قرنطینہ میں رکھاجارہا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں سے آ نے کی وجہ سے ان کے ذریعے ممکنہ طور پر کوروناوائرس چترال میں پھیلنے کا خطرہ نہ رہے۔ منگل کے روز ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ چترال میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لوئر اور اپر اضلاع کے انتظامیہ دن رات محنت کر رہی ہے تاکہ چترال میں کووڈ 19.کے مریضوں کی صفر تعداد برقرار رہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اضافی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں جس میں چترال کے عوام کابھرپور تعاون بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ سماجی فاصلہ قائم رکھنا اور احتیاط برت کرہی اس مہلک مرض سے بچا جاسکتا ہے اورانتظامیہ اسی اصول پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے چین اور امریکہ ویورپ کی دو واضح مثالیں موجود ہیں اور یہ بات سب کو معلوم ہے کہ چین کے ووہان شہر میں مکمل طور پر آئسولیشن سے بہت ہی مختصر مدت میں اس مرض سے گلوخلاصی حاصل کی جبکہ بے احتیاطی کی وجہ سے امریکہ ویورپ میں ہزاروں افراد روزانہ کے حساب سے لقمہ اجل بنتے جارہے ہیں۔ کمشنر ملاکنڈ نے کہاکہ چترال میں پھل، سبزی اور چکن کے کاروبار کے لئے نئے قواعد وضع کئے جائیں گے تاکہ غیر مقامی افراد متاثر ہ علاقوں سے یہاں آنے کو باقاعدہ ضابطے میں لایا جاسکے۔انہوں نے چترال کے عوام پر زور دیاکہ چترال کو کورونا وائرس سے پاک رکھنے میں وہ حکومت کے ساتھ تعاؤن برقرار رکھیں گے۔ اس موقع پر ڈی سی لوئر چترال نوید احمد اور ایڈیشنل ڈی سی حیات شاہ بھی موجود تھے۔