شاہد آفریدی کے لئے جلسہ منعقد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،دفعہ 144 کی دھجیاں اڑا دی گئیں/سلیم خان

اشتہارات

چترال(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر اور سابق صوبائی وزیر سلیم خان نے کہا ہے کہ چترال میں سینکڑوں افراد کو ایک جگہ جمع کرکے ڈی سی چترال نے خود دفعہ 144کی خلاف ورزی کی ہے جسکی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اپنے ایک اخباری بیان میں سابق صوبائی وزیر سلیم خان نے مزید کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے چاہے وہ ڈی سی ہو یا ایک عام شہری سب کو ایک نظر سے دیکھنا چاہیئے مگر ڈپٹی کمشنر چترال نے بذات خود قانون کا غلط استعمال کرکے اپنے عہدے کا غلط فائدہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورنا وائرس کیخلاف حفاظتی اقدامات کی بنیادپر چترالی شہریوں کو چترال آنے کی اجازت نہیں جس کی وجہ سے بہت سے چترالی ضلع سے باہر مختلف جگہوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور مشکلات سے دوچار ہیں۔سلیم خان نے سوال اٹھایا کہ کیا کہ ان حالات میں اگر شہریوں کو اپنے ضلع میں داخل ہونے کے حوالے سے سختی کی جارہی ہے تو پھر شاہد آفریدی کیلئے قانون کی خلاف ورزی کرکے جلسے کا انعقاد کیوں کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی تحقیقات کیا جائے اور ضلعی انتظامیہ کے ذمہ دار افسران کے کیخلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔