کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات اور احتیاطی اقداما ت کے حوالے سے ایون میں معتبرات کا اجلاس منعقد ہوا

اشتہارات

چترال(محکم الدین)کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر عوام ایون کو آگہی دینے کے حوالے سے عمائدین علاقہ کا ایک اہم اجلاس جمعرات کے روز ایون میں منعقد ہوا جس کا اہتمام معروف سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیت خیر الاعظم نے کیا تھا۔ اجلاس میں علاقے کے معززین سابق ممبر جندولہ خان، ریٹائرڈ ڈی ایس پی محمد صابر خان، ریٹائرڈ سپروائزر جعفر علی خان، آصف جاء، صدر پاکستان تحریک انصاف یو سی ایون شجاع الرحمن، سابق کونسلر حاجی محمد ظفر،عزیز احمد کے علاوہ ایس ایچ او تھانہ ایون حیدر حسین، اے ایس آئی امیر علی شاہ، عزیز الرحمن ڈی ایس بی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے حکومت اور ضلعی انتظامیہ چترال کی طرف سے دی گئی ہدایات و احکامات پر عوام کی طرف سے عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ علاقہ ایون میں بازاروں، دکانوں اور دیگر مقامات پر پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے اشتہارات چسپان کرنے و سماجی فاصلے رکھنے کے سلسلے میں ہدایات کے باوجود عوامی سطح پر اس کو سنجیدہ نہیں لیا جا رہااور بازاروں میں بدستور رش موجود ہے۔ اجلاس میں پیشہ ور بھکاریوں کو گھر گھر جانے سے روکنے اور باہر سے آنے والے افراد کے ٹسٹ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ شرکاء اجلاس نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل کم ہونے کی وجہ سے بازار سے خوراک کی اشیاء کی دستیابی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں جبکہ بیس ہزار آبادی والے علاقہ ایون کیلئے صرف ایک یوٹیلٹی سٹور ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو بازار کے مقابلے میں معیاری اور سستی اشیاء خوردو نوش خریدنے کی سہولت نہیں ہے اس لئے ویلج کونسل ون ایون میں فوری طور پر یوٹیلٹی سٹور کا قیام عمل میں لایا جائے۔ اجلاس میں اشیاء خودونوش خصوصا آٹے کی قیمتوں میں ہو شرباء اضافے کا نوٹس لینے، گیس کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی اعلان پر عملدر آمد کو یقینی بنانے، اورحکومت کی طرف سے اعلان شدہ امدادی رقم صحیح معنوں میں تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایچ او تھانہ ایون کی طرف سے لوگوں کو آگہی دینے کے حوالے سے اُن کی کوششوں کو سراہا گیا کہ وہ حتی المقدور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ رہے تاہم عوام پر لازم ہے کہ اس وبائی مرض سے محفوظ رہنے کیلئے انتظامیہ اور پولیس کی ہدایات پر سو فیصد عمل کریں۔ ایس ایچ او تھانہ ایون حیدر حسین نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے مقامی آئمہ مساجد کو حالات اور حکومتی نوٹیفیکیشن سے آگاہ کر دیا ہے اور بازاروں میں اشتہارات عوامی آگہی کیلئے چسپان کئے گئے ہیں، اب عملدر آمد کو مزید سخت کرنے کیلئے لاوڈ سپیکر کے ذریعے عوام کو خبردار کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں آگہی کے حوالے سماجی شخصیت خیر الاعظم کی طرف سے اجلاس منعقد کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔