مقامی ایل ایس او کے زیر انتظام ایون میں ڈیزاسٹر کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا

اشتہارات

چترال (محکم الدین) آغاخان ایجنسی فار ہبیٹاٹ (AKAH) کے تعاون سے ایون اینڈ ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام (AVDP)کے زیر انتظام پانچ روزہ کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک منیجمنٹ ٹریننگ جمعہ کے روز اختتام پذیر ہوا۔ تربیتی پروگرام میں سرٹ کے ممبران کو قدرتی آفات کے موقع پر متاثرہ لوگوں کی سرچ اینڈ ریسکیو کرنے، فوری انفارمیشن، فرسٹ ایڈ اور رابطہ کاری کے حوالے سے جدید اور سائنسی بنیادوں پر ٹریننگ دی گئی اور اختتامی روز اس کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر چیرمین اے وی ڈی پی رحمت الٰہی، ریجنل پروگرام آفیسر فوکس ولی محمد نے،سرٹ کے سابق کیپٹن اسرارالدین،منیجر اے وی ڈی پی جاوید احمد، نئے کیپٹن آصف رضا اور دیگر مہمانوں کے علاوہ سرٹ کے ممبران موجود تھے۔ چیرمین اے وی ڈی پی رحمت الٰہی نے ٹریننگ کی اہمیت کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک نے ایک انسان کی جان بچانے کو پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف قرار دیا ہے، اس لئے انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار رضاکار نہایت ہی اہم اور قابل احترام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے وی ڈی پی آپ کا اپنا ادارہ ہے جو گذشتہ اٹھارہ سالوں سے ایون اور کالاش ویلیز کی تعمیر و ترقی میں سرگرم عمل ہے۔ موجودہ ٹریننگ بھی اس ادارے کے زیر نگرانی اس لئے دی جارہی ہے کہ خدا نخواستہ کسی آفت کی صورت میں مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کر سکیں۔ انہوں ٹریننگ پروگرام منعقد کرنے پر آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ(اکاہ)کی تعریف کی۔ریجنل پروگرام آفیسر ولی محمد نے اپنے خطاب میں کہاکہ قدرتی آفات میں مقامی کمیونٹی کی اہمیت سب سے زیادہ ہے۔ ایسے موقع پر کمیونٹی کے تربیت یافتہ افرادہنگامی حالات سے بہتر طور پر نمٹ سکتے ہیں۔ خصوصا زخمیوں کی نوعیت کو جاننا، ان کی فوری طبی امداد اور ہسپتالوں تک پہنچانے میں کردار مقامی لوگوں کا ہی ہوتا ہے۔ اس لئے ہم کمیونٹی کی تربیت کو اولیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسک منیجمنٹ فنڈ کے تحت اسی قسم کے تربیتی پروگرام آیندہ بھی کئے جائیں گے اور سرٹ کے رضاکاروں کو مزید فعال کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سٹاک پائل اے وی ڈی پی کے پاس موجود ہے جبکہ چوبیس عدد پرسنل پروٹیکٹیو ایکویپمنٹ اب فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پراجیکٹ کی بنیاد پر وقتی کام کرنے والے نہیں ہیں،کمیونٹی اور ہمارا ہمیشہ ساتھ رہا ہے اور رہیگا۔انہوں نے 2015 کے سیلاب اور زلزلے میں سرٹ کیپٹین آصف رضا کی خدمات کی تعریف کی۔ پروگرام کے آخر میں مہمانوں نے تربیت حاصل کرنے والے سرٹ ممبران میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔