تحصیل آفیسر انفرااسٹرکچر چترال نور نواز کے خلاف انکوائری کی جائے،بد عنوانی میں ملوث ہیں/کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن چترال
چترال(بشیر حسین آزاد) کنٹریکٹر ایسوسی ایشن چترال کے عہدیداروں اور ممبران نے صوبائی حکومت سے TOI چترال نور نواز کے خلاف چترال کے ٹھیکہ داروں سے رشوت طلب کرنے اور اُن کے ساتھ ہتک آمیز رویہ رکھنے کے خلاف انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔جمعہ کے روز کنٹریکٹر ایسوسی ایشن چترال کے سینئر نائب صدر جاوید اختر،تاج رسول،رحمت آیاز،فضل ہادی،سیف الرحمن،احسان اللہ،شفیق الرحمن،سہیل احمد،جہانزیب اور میرکمال ودیگر نے چترال پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ TOIچترال نور نواز ایک انتہائی کرپٹ آفیسر ہیں، ٹھیکہ داروں کے ساتھ اُن کا رویہ بھی انتہائی ہتک آمیزہے جوکہ کھلم کھلا رشوت طلب کرتے ہیں اور سرکاری دفتر میں ٹھیکہ داروں کی جیبیں ٹٹولتے ہیں جوکہ نامناسب طریقہ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ TOIنورنواز سرکاری کرسی پر بیٹھ کے دفتر کے ملازمین جوکہ ٹھیکہ داری بھی کرتے ہیں اُن کو سرمایہ فراہم کرکے ٹھیکہ داری کراتے ہیں اور جب کوئی ٹھیکہ دار اُن کے نامناسب رویے کے خلاف احتجاج کرے توانہیں بلیک لیسٹ کرنے کی دھمکی دینے کے ساتھ اُن کو اس بات سے ڈراتے ہیں کہ میں پی ٹی آئی اور مشیر محکمہ بلدیات کامران بنگش کا خاص بندہ ہوں،میرا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔اُنہوں نے کہا کہ TOIنورنواز کسی بھی ٹھیکہ دار کے ساتھ سائیٹ وزٹ نہیں کرتے اور بل بناتے اور ٹھیکہ داروں کو ادائیگی کے وقت زیادہ رقم کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بل بناتے وقت مختلف قسم کے دستخط کرکے بعد میں اپنے دستخط سے مکر جاتے ہیں اور ٹھیکہ داروں کو بلیک میل کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے نورنواز کے دستخط مختلف ٹیسٹوں کے لئے لیبارٹری بھیجے گئے ہیں جوکہ اس کے کرپٹ ہونے اور جعلساز ہونے کا ثبوت ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ناجائز کمیشن لینے اور لوگوں کو بے جا تنگ کرنے پر سابق تحصیل ناظم بونی مولانا یوسف نے اس کی پٹائی بھی کی تھی جسکے بعد یہ اپنے دفتر بونی میں نہیں جاسکتے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت TOIنورنواز کے خلاف فوراً انکوائری کا حکم دیں بصورت دیگر چترال کے کنٹریکٹر ایسوسی ایشن اپر اور لوئر چترال میں احتجاج پر مجبور ہوجائینگے۔