اپر چترال کو بجلی کی فراہمی کئے حوالے سے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونا افسوسناک ہے،شدید احتجاج شروع کرینگے/تحریک حقوق عوام

اشتہارات

بونی(محکم الدین سیرنگ)تحریک حقوق عوام اپر چترال کے راہنماؤں نے اپر چترال میں بجلی کے ناروا لوڈشیڈنگ اور بجلی فراہمی کے حوالے سے چند روز ہوئے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ گولین گول بجلی گھر سے اپر چترال کو بجلی کی ترسیل کے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں سخت احتجاج شروع کیا جائے گا۔ہفتے کے روز بونی میں ایک پریس کانفرنس خطاب کرتے ہوئے تحریک حقوق عوام اپر چترال کے نمائندگان جناب رحمت سلام لال، سلامت خان، پرویز لال، میر ایوب،نادر جنگ، وزیر شاہ اور دوسروں نے اپر چترال میں بجلی لوڈشیڈنگ پر متعلقہ اداروں اور موجودہ حکومت پر زبردست تنقید کیا۔ انہوں ے نے اپر چترال کے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے انتہائی سخت موسمی حالات کے باوجود اپنے حق کے حصول کے لئے سڑکوں پر نکل کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔تحریک کے راہنماؤں نے کہا کہ 3 فروری کو اپر چترال کے عوام نے بونی میں ایک عظیم الشان جلسہ کیا تھا، جلسہ کے بعد عوام نے گولین گول پاؤر ہاؤس کی طرف مارچ کر نا تھا لیکن MPA چترال مولا نا ہدایت الرحمن کی یقین دہانی پر جلسہ کے شرکاء پر امن طور پر منتشر ہو گئے، اسکے بعد اگلے روز MPA چترال مولا نا ہدایت الرحمن کی سربراہی میں تحریک حقوق کا وفد گولین گول پاؤر ہاؤس میں مجسٹریٹ اپر چترال، لوئر چترال اور دونوں اداروں یعنی واپڈااور پیڈو کے ذمہ داراں کی موجودگی میں گولین گول پاؤر ہاؤس میں پیدا ہونے والی 7 میگا واٹ بجلی کی اپر چترال اور لوئر چترال میں مساوی تقسیم پر رضامند ہوئے۔جسکے بعد AC اپر چترال، ذمہ داران پیڈو اورتحریک حقوق کے ذمہ داروں کی موجودگی میں ایک شیڈول مرتب کیا گیا مگر محکمہ پیڈو کے سرکش ذمہ داران نے اس شیڈول کو بھی پاؤں تلے روند ڈالا۔ اب عوام اپر چترال کے برداشت کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے اس لئے آج اس پریس کانفرنس کے ذریعے متعلقہ اداروں، حکومت وقت اور سیاسی نمائندوں کوآگاہ کیا جاتا ہے کہ فوری طور پر 3.5 میگا واٹ کا بجلی اپر چترال کے مجسٹریٹ اور حقوق عوام کے مفاہمت سے طے شدہ شیڈول کے مطابق تمام علاقوں کو بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ محکمہ پیڈو کا ریجنل آفس ہیڈ کوارٹر بونی منتقل کیا جائے۔ گولین گول پاؤر ہاؤس کے ڈیم میں وافر مقدار میں پانی ضائع ہو رہا ہے، اسے جلد ازجلد اس کی مرمت کی جائے اگر حکومت کے پاس پیسے نہیں ہے تو اپر چترال کے عوام کو اجازت دی جائے تاکہ عوام اپنی مدد آپ کے تحت اس کی مرمت کر سکیں۔ اپر چترال کے عوام آرمی چیف جناب قمر جاوید باجوہ صاحب سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ وہ مداخلت کر کے عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ اپر چترال میں غریب عوام کے ساتھ ساتھ شہدا ء کے لواحقین بھی بجلی جیسی عظیم نعمت سے محروم ہیں۔ اگر7دن کے اندر اندر یہ تمام مطالبات تسلیم نہیں ہوئے تو عوام کا ردعمل بہت شدید ہوگا، جس میں لانگ مارچ، شٹرڈاؤن ہڑ تال اور پہیہ جام ہڑتال کچھ بھی ہو سکتا ہے اور اس میں کوئی بھی بدامنی یا نا خوشگوار واقعہ رونما ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ پیڈو، مو جودہ حکومت اور ذمہ دار اداروں پر عائد ہوگی۔