155

جے یو آئی کے سابق امیر مولانا سعید اللہ کی وفات پر تعزیت کیلئے مولانا عطاء الرحمن کا مختصر دورہ چترال

دروش(نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمن نے ہفتے کے روز چترال کا مختصر دورہ کیا۔ مولانا عطاء الرحمن نے جمعیت علماء اسلام کے سابق امیر مولانا سعیداللہ کی وفات پر تعزیت کے لئے ہفتے کے روز چترال کا دورہ کیا۔ انہوں نے مولانا سعیداللہ مرحوم کے فرزند مولانا نقیب اللہ رازی کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں مولانا عطاء الرحمن نے مدرسہ قاسم العلوم درو ش میں مولانا سعید اللہ مرحوم کی یاد میں ایک تعزیتی اجلاس میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے لئے مولانا سعید اللہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اکابرین کی محنت اور قربانیوں کی بدولت جمعیت علماء اسلام ایک مضبوط قوت بن چکی ہے۔
اس موقع پر جے یو آئی چترال کے امیر مولانا عبدالرحمن اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
بعد ازاں مولانا عطاء الرحمن نے کیٹیگری ڈی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال دروش کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹرز کی عدم دستیابی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبائی حکومت کی نااہلی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سینٹ میں اس حوالے سے آواز اٹھائینگے۔