مستوج حادثے میں شہید چترال سکاؤٹس کے اہلکاروں کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا

اشتہارات

چترال(نامہ نگار)گذشتہ روز مستوج کے قریب ٹریفک حادثے میں شہید ہونے والے چترال سکاوٹس کے اہلکاروں کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک حادثے میں شہید ہونیوالے چترال سکاؤٹس کے اہلکاروں وائس پرنسپل صوبیدار سید الرحمن سکنہ ارسون اور سپاہی حفیظ اللہ(ڈرائیور)سکنہ میرکھنی کی نماز جنازہ چترال سکاؤٹس ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس بریگیڈئر معین الدین، ڈی پی او چترال وسیم عباس کے علاوہ چترال سکاؤٹس کے افسران، سکول کے اساتذہ اور طلباء اور عام لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ حادثے میں شہید ہونے والے نائیک رشیدالحسن ساکن تور کہو کی نماز جنازہ مستوج میں ادا کی گئی۔


نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعدشہداء کی میتیں انکے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں جہاں پر پورے فوجی اعزاز کے ساتھ انہیں سپرد خاک کیا گیا۔ تدفین کے بعد قبروں پر آرمی چیف، کور کمانڈر، آئی جی ایف سی اور کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کی طرف سے پھول رکھے گئے اور چترال سکاؤٹس کے دستوں نے شہید سلامی دیں۔ ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے وائس پرنسل سید الرحمن کی مدت ملازمت میں صرف دو ماہ باقی تھے۔ اس حادثے میں ایجوکیشن آفیسر و پرنسپل ابراہیم مروت اور لانس نائک سمیع اللہ شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لئے سی ایم ایچ پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔