119

پرویز مشرف کو عدالت میں صفائی کا موقع نہیں دیا گیا،فیصلے کو مسترد کرتے ہیں/کارکنان اے پی ایم ایل

چترال(بشیرحسین آزاد)آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان نے سابق صدر پرویز مشرف کی جگہ اپنے آپ کو پھانسی کی پھندے پر لٹکائے جانے کے لئے پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف محسن چترال ہیں جس نے لواری ٹنل تعمیر کرکے اہالیان چترال کو عزت دلائی اور یہاں ترقیاتی کاموں کو جال بچھادیا تھا۔ منگل کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے رہنماؤں وقاص احمد ایڈوکیٹ، شہزادہ امیر حسنات الدین، سید ناصر علی شاہ، محسن حیات شاداب، عبدالقیوم، احمد خان، میر رحیم، احمد، منہاس اور دوسروں نے کہاکہ پرویز مشرف کو پھانسی کی سز ا ملنے سے چترال میں گھر گھر صف ماتم بچھ گئی ہے اور چترال کا بچہ بچہ اپنے محسن کے لئے موت کا پھندا گلے میں ڈالنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف بیمار ہیں اور پھانسی پر چڑہانے کے لئے آدمی کا تندرست ہونا ضروری ہے اس لئے وہ اپنے بالغ بیٹوں کو ساتھ لے کر ان کی جگہ پھانسی کی سزا بھگتنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت کے فیصلے سے ان کو اختلاف ہے جسے نواز شریف کے دور میں بنایا گیا تھا اور جس میں سازش کرنے والے،اعانت جرم اور سہولت کار کا کوئی ذکر ہی نہیں تھا لیکن اس میں صرف ایک ہی شخص کے خلاف کیس بنایا گیا تھا جوکہ اس وقت کی حکومت کی ا ن کے ساتھ ذاتی عناد کو ظاہرکرتی ہے جبکہ عبدالحمیدڈوگر، شوکت حیات اور زاہد حامد سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف نے صرف ایمرجنسی لگادی تھی اور آئین کو انہوں نے 3نومبر 2007ء کو معطل نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل کی جائے گی جہاں انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں گے اور مشرف کو انصاف ملے گا جس نے ملک کے لئے تین جنگیں لڑی تھی۔ ان کا کہنا تھاکہ اصل غدار تو نواز شریف اور زردار ی ہیں جنہوں نے ملک کو لوٹ کر اس کا دیوالیہ نکالا تھا۔