پارٹی رولز کے مطابق پی ٹی آئی کے ضلعی عہدیداروں کا اعلامیہ ڈویژن کی طرف سے جاری ہوگا/آفتاب ایم طاہر

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)تحریک انصاف اپر چترال کے سینئر رہنما ء اور سابق صدر اپر چترال آفتاب ایم طاہرنے ایک اخباری بیان میں وضاحت کی ہے کہ 5دسمبرکو منعقدہونے والے مشاورتی اجلاس کو تنظیم سازی کے حوالے سے حرف آخر نہ سمجھا جائے۔یہ صرف ایک مشاورتی عمل تھااور اس کو اسی تناظر میں دیکھا اور سمجھا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چترال کے تمام ورکروں کی خدشات کو دور کرنے کے لئے پارٹی کی طرف سے جو طریقہ کاراپنایا گیا ہے اس کے مطابق عمل کرتے ہوئے کارکنان کے خدشات دور کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ 16دسمبر کی تاریخ تک ضلعی کابینہ کے مختلف عہدوں کے لئے درخواستیں طلب کئے گئے ہیں جس میں ہر پارٹی ورکراپنی درخواست جمع کرانے اور کسی بھی ضلعی عہدے کے لئے اُمیدوار بننے میں مکمل طورپر آزاد ہے،اپر اور لوئر کابینہ کی تشکیل درخواستیں جمع ہونے کے بعد ملاکنڈ ڈویژن کی کابینہ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد ضلعی کابینہ کی اعلامیہ جاری کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جب تک یہ عمل طے شدہ قواعد کے مطابق طے نہیں پاتااور کابینہ کی تشکیل نہیں ہوتی،اس وقت تک کوئی بھی بندہ اگرخود کو عہدہ دار ظاہر کریگا تو وہ نہ صرف غیر قانونی ہوگا بلکہ غیر اخلاقی بھی تصور ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اصل طاقت اس کے ورکرز ہیں اور ورکروں کی خواہشات اور رائے کو پس پشت ڈال کر ہم کسی بھی تنظیمی ڈھانچے کو حصہ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔اُنہوں نے کہا کہ آخری فیصلہ پارٹی کارکنان کی رائے کا آئینہ دار ہوگا اور حتمی فیصلے تک مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔