نلتر ونٹر اسپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر، خیبرپختونخوا کی شاندار کارکردگی

اشتہارات

اپر چترال(محمد آصف) پاکستان ونٹر اسپورٹس فیڈریشن اور پاک فضائیہ (پی اے ایف) کے تعاؤن سے گلگت بلتستان کے سیاحتی مقام ” نلتر” میں منعقد ہونے والے "ونٹر اسپورٹس مقابلے 2026 ” خیبرپختونخوا کی ٹیموں کی شاندار کارکردگی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے۔

مقابلوں میں خیبرپختونخوا (چترال ایڈوینچر اسکول) کے کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں ایک گولڈ، آٹھ سلور اور آٹھ برونز میڈلز حاصل کر کے نمایاں پوزیشن حاصل کی۔

مردوں کی کیٹیگری میں کرلنگ کے مقابلوں کے دوران خیبرپختونخوا کی ٹیم نے برونز میڈل جیتا۔ اس کامیابی میں ذوالفقار علی، حسنین کریم، آفاق افضل اور شفیق عالم نے اہم کردار ادا کیا۔

خواتین کے مقابلوں میں بھی خیبرپختونخوا کی کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ آئس ہاکی میں خیبرپختونخوا کی خواتین ٹیم نے مجموعی طور پر چھ سلور میڈلز اپنے نام کیے۔ اسی طرح اسپیڈ اسکیٹنگ کے مقابلوں میں ثانیہ حسین نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا اور صوبے کا نام روشن کیا۔

ریلے مقابلے میں طیبہ رحمت اور علینہ بہادر نے سلور میڈل جیتا، جبکہ خواتین کی کرلنگ ٹیم نے برونز میڈل حاصل کیا، جس میں مشودہ اکبر، طیبہ رحمت، علینہ بہادر اور علیزہ شامل تھیں۔

مقابلوں کے دوران خیبرپختونخوا کی ٹیموں کی قیادت آصف مراد اور علی نواز نے کی، جن کی قیادت میں کھلاڑیوں نے بہترین نظم و ضبط اور کھیل کا اعلیٰ معیار پیش کیا۔

مجموعی طور پر ایک گولڈ، آٹھ سلور اور آٹھ برونز میڈلز کے ساتھ خیبرپختونخوا کی ٹیم نلتر ونٹر اسپورٹس مقابلوں میں نمایاں رہی۔