خیبر پختونخوا گیمز 2025؛ کھیلوں کے مقابلے میں کوہاٹ ریجن کی بہترین پرفارمنس
بہترین کارکردگی دکھانے پر تمام کھلاڑیوں، ذمہ داران ، کوچز اور آفیشلز اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، انور کمال برکی

پشاور (چ،پ)کوہاٹ ریجن نے حال ہی میں منعقد ہونے والے خیبر پختونخوا گیمز 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 60 میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں منعقد ہونے والے خیبرپختونخوا گیمز کے سلسلے میں مختلف کھیلوں میں ڈویژن کی سطح پر ٹیموں نے حصہ لیا جس میں کوہاٹ ڈویژن کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈویژنل اسپورٹس آفیسر انور کمال برکی نے کہا کہ یہ کوہاٹ ریجن کے لیے ایک تاریخی دن ہے، کیونکہ پہلی مرتبہ کوہاٹ ڈویژن کو اس بڑے ایونٹ میں نمایاں کامیابی ملی ہے جو کہ پورے علاقے کے لئے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کے فضل، کھلاڑیوں کی انتھک محنت، اور کوچز و آفیشلز کی بہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ کوہاٹ ریجن نے مردان، ملاکنڈ، ڈیرہ اسماعیل خان اور "اولمپیئنز کے شہر” بنوں ڈویژن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے صوبے میں اپنی برتری ثابت کی ہے۔انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے ہمارے کھلاڑیوں کو بہترین مواقع فراہم کیے۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا گیمز میں پشاور ڈویژن 107 میڈلز کے ساتھ پہلے نمبر پر ، ہزارہ ڈویژن 60 میڈلز کے دوسرے نمبر پر اور کوہاٹ ڈویژن 54 میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی ۔