اپر چترال میں پہلا نیشنل فری اسٹائل پولو ٹورنمنٹ اختتام پذیر، خالد بن ولی برنس پولو ٹیم فاتح ٹھری، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے انعامات تقسیم کئے

اشتہارات

بونی(سرفراز شاہد)ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا پہلا نیشنل فری سٹائل پولو چمپئن شپ جمعرات کے روز بونی میں اختتام پذیر ہوا۔ کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل سمیع زمان خان فائنل میچ کے مہمان خصوصی جبکہ دیگر مہمانوں میں ایم این اے چترال مولانا عبدالاکبر چترالی،ایم، پی، اے مولانا ہدایت الرحمان شامل تھے۔پولو کا دلچسپ فائنل میچ خالد بن ولی شہید برنس پولو ٹیم اور ہیڈکوارٹر بونی پولو ٹیم کے مابین کھیلا گیاجس میں خالد بن ولی برنس پولوٹیم نے ایک کے مقابلے میں چار گولون سے فتح حاصل کی۔ آخر میں مہمان خصوصی نے جیتنے والی اور رنراپ ٹیموں میں نقد انعامات اور ٹرافی تقسیم کئے۔ فائنل میچ دیکھنے کیلئے بہت بڑی تعداد میں شائقین پولو موجود تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کر نل سمیع زمان، ایم این اے چترال، پولو ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ سکندر الملک اور ڈپٹی کمشنر چترال نے شائقین سے خطاب کرتے ہوئے شاندار ٹورنمنٹ منعقد کرنے پر اپر چترال کے ضلعی انتظامیہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پولو چترال کا قومی کھیل ہے اور اس کی ترقی کے لئے پر ممکن کوششیں کی جائینگی۔ ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد علی نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی طرف سے پہلا نیشنل پولو ٹورنمنٹ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ضلع اپر چترال اور ضلع لوئر چترال کے علاوہ گلگت بلتستان سے بھی ٹیموں نے حصہ لیا۔