پہلا پیس کپ فٹبال ٹورنمنٹ اختتام پذیر، ہیڈ کوارٹر جغور نے انجیگان لوٹکوہ کو ہراکر اعزاز جیت لیا

اشتہارات

چترال (چ،پ) پاکستان سپورٹس اینڈ کلچرل فیڈریشن چترال کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا ”پہلا امن کپ فٹ بال ٹورنمنٹ“ پیر کے روز اختتام پذیر ہوا۔ فائنل میچ ہیڈکوارٹر جغور فٹبال ٹیم اور انجیگان فٹ بال کلب لوٹکوہ کے مابین کھیلا گیا جس میں ہیڈ کوارٹر جغور نے کامیابی حاصل کی۔ مہتر چترال فاتح الملک علی ناصر اور پاکستان تحریک انصادس موقع پر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ونر اور رنر اپ ٹیموں میں کپ اور شیلڈ تقسیم کئے۔ مہمان خصوصی نے اپنی طرف سے جیتے والی ٹیم کیلئے 30ہزار روپے، رنر اپ ٹیم کیلئے 20ہزار روپے اور ٹورنمنٹ انتظامیہ کیلئے 25ہزار روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری شہزادہ فیصل صلاح الدین کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف تحصیل دروش کے صدر ارشاد مکرر نے فائنل کھیلنے والے دونوں ٹیموں کے لئے 5/5ہزار روپے اور انتظامیہ کے لئے 15ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔
پیس (امن) کپ فٹ بال ٹورنمنٹ کا آغاز 10ستمبر کو سنیٹنیل سکول کے اسٹیڈئم میں ہوا تھا جوکہ دس دنوں تک جاری رہا، اس ٹورنمنٹ میں 38ٹیموں نے حصہ لیا۔ فٹ بال کا فائنل دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں تماشائی اسٹیڈئم میں موجود تھے۔ ہیڈ کوارٹر جغور اور انجیگان لوٹکو ہ کے مابین فائنل کا مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز ہوا جس میں ہیڈ کوارٹر جغور کی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے کامیابی حاصل کی۔
تقسیم انعامات کے موقع پر مہمان خصوصی نے کوئی تقریر نہیں کی جبکہ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ اور معروف فٹ بالر حسین احمد نے کہاکہ چترال میں کھیلوں کی سرپرستی کے لئے ایک مضبوط شخصیت کی ضرورت ہے جوکہ کھیلوں سمیت مقامی ثقافت کو نہ تحفظ دے بلکہ اسے ترقی دینے میں کردار کا بھی حامل ہو۔ انہوں نے مہتر چترال سے التماس کی کہ وہی اس چیلنج کوقبول کریں اور سپورٹس اور کلچر کی حوصلہ افزائی کریں۔