ڈی ایف اے کے زیر اہتمام ویٹرن فٹ بال ٹورنمنٹ اختتام پذیر،یاران کلب فاتح ٹھرا

اشتہارات

چترال (نامہ نگار)ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن چترال کے زیر اہتمام پہلا ڈسٹرکٹ ویٹرن فٹ بال ٹورنمنٹ منگل کے روز اختتام پذیر ہوا۔ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع کثیرتعداد میں تماشائی موجود تھے۔ سنیٹینئل سکول کے اسٹیڈئم میں کھیلے جانیوالے فائنل میچ میں یاران ویٹرن فٹ بال ٹیم نے نوجوان ویٹرن ٹیم چترال کو رننگ پنلٹی میں شکست دیکر کامیابی حاصل کی۔

یاران کلب کے عبدالحمید کو مین آف دی ٹورنمنٹ، یاران کلب کے ڈاکٹر اعجاز کو مین آف دی میچ اور نوجوان ویٹرن ٹیم کے عبدالرحمن کو ٹورنمنٹ کا بیسٹ گول کیپر اور یاران ویٹرن ٹیم کے یاسر کو ٹورنمنٹ کا ٹاپ سکورر ایوارڈ دیا گیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مولانا عبدالاکبر چترالی نے چترال میں پہلی مرتبہ ویٹرن فٹبال ٹورنمنٹ کے انعقاد پر ڈی ایف اے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تفریحی سرگرمیاں معاشرے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اسلئے نوجوانوں کو اسطرف بھرپور توجہ دینی چاہئے۔ مولانا عبدالاکبر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات کی لعنت سے خود کو محفوظ رکھیں اور معاشرے کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے فٹ بال کی ترقی کے لئے ایسوسی ایشن کے ساتھ پر ممکن تعاؤن کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ایسوسی ایشن اور کھلاڑیوں کے مسائل کے مرکزی اور صوبائی سطح کے اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے اپنی طرف سے ڈی ایف اے کے لئے 20ہزار روپے اور دونوں ٹیموں کے لئے پانچ پانچ ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے راہنما ء سجاد احمد نے اپنی طرف سے ڈی ایف اے اور دونوں فائنلسٹ ٹیموں کے لئے دس دس ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔ قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ڈی ایف اے کے سرپرست اعلیٰ حسین احمد نے مہمان خصوصی مولانا عبدالاکبر چترالی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ڈی ایف اے کی دعوت پر آج کے اس اختتامی تقریب میں شرکت کرکے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چھ سالوں سے چترال میں ڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنمنٹ منعقد نہیں ہوا جسکی وجہ سے کھلاڑیوں میں مایوسی پھیلی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فٹ بال ایک مقبول کھیل ہے مگر حکومتی سطح پر اسکی طرف مناسب توجہ نہیں دی جارہی۔
واضح رہے کہ ڈی ایف اے کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پہلے ویٹرن فٹبال ٹورنمنٹ میں ضلع بھر سے 20ٹیموں نے حصہ لیا۔