جشن شہداء چترال سکاؤٹس فٹبال ٹورنمنٹ اختتام پذیر،دنین ٹیم کی کامیابی،جی او سی ملاکنڈ مہمان خصوصی تھے
چترال(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی چترال کی زیر سرپرستی اور چترال سکاؤٹس کے تعاؤن سے ہیڈ کوارٹر فٹ بال کلب جغور چترال کے زیر اہتمام شہدائے چترال سکاؤٹس کی یاد میں منعقد ہونیوالا فٹ بال ٹورنمنٹ ہفتے کے روز اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع جنرل آفیسر کمانڈنٹ ملاکنڈ ڈویژن میجر جنرل خالد سعید مہمان خصوصی تھے،اس موقع پر ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین، ڈی پی او کیپٹن فرقان بلال سمیت سول و فوجی افسران اور دیگر عمائدین کثیر تعداد میں موجود تھے۔چترال سکاؤٹس ہیڈ کوارٹر زکے قشقار سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ کے فائنل میچ میں دنین اے اور جنگ بازار فٹ بال ٹیموں کے درمیانمقابلہ ہوا جس میں دنین اے فٹ بال ٹیم نے جنگ بازار فٹ بال ٹیم کو دو گولوں سے ہراکر ٹرافی اپنے نام کر لیا۔
مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل خالد سعید نے چترال کے لوگوں کے امن پسندی اور حب الوطنی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چترال کے لوگ رواداری، اصول پسندی اور شرافت جیسے اوصاف کی وجہ سے اپنی ایک پہچان رکھتے ہیں اور دنیا بھر میں نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور سیکورٹی ادارے چترال کے عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاؤن جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کامیاب ٹورنمنٹ کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن چترال اور ہیڈ کوارٹر فٹ بال کلب کی تعریف کی۔
مہمان خصوصی میجر جنرل خالد سعید نے ڈی ایف اے چترال اور ہیڈ کوارٹر کلب جغور کے لئے پچاس پچاس ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔