ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی زیر صدارت سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس پر عملدرآمد کا جائزہ، افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت

اشتہارات

ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی زیر صدارت سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس پر عملدرآمد کا جائزہ، افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت

چترال (چ، پ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس فریم ورک پر عملدرآمد کے حوالے سے پرفارمنس ریویو اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام محکموں کی کارکردگی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کارکردگی کے اشاریوں (انڈیکیٹرز) اور معیاری طریقہ کار (SOPs) پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو سرکاری خدمات کی مؤثر اور بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں، فیلڈ مانیٹرنگ کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے انسدادِ تجاوزات آپریشن اور صوبائی حکومت کی کلین اینڈ گرین خیبر پختونخوا مہم کو مزید وسعت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ اہداف کے حصول کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کریں۔

ڈپٹی کمشنر احسان اللہ نے واضح کیا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، سرکاری امور میں شفافیت اور گڈ گورننس کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں، کیونکہ سروس ڈیلیوری میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔