ایچ پی وی ویکسینیشن مہم۔ اپر چترال نے صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ای پی آئی کوآرڈینیٹر اپر چترال کا ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم، علمائے کرام، اسماعیلی لوکل کونسل، صحافیوں اور معاون اداروں سے اظہارِ تشکر

اشتہارات

ایچ پی وی ویکسینیشن مہم۔ اپر چترال نے صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

اپر چترال (چترال پوسٹ) ایچ پی وی (HPV) ویکسینیشن مہم میں ضلع اپر چترال نے صوبہ خیبر پختونخوا میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ اس شاندار کامیابی پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر چترال ڈاکٹر فیاض علی رومی اور ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ولی خان نے مہم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے تمام سرکاری محکموں، اداروں، مذہبی رہنماؤں، اساتذہ، صحافیوں اور دیگر معاون شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

محکمہ صحت اپر چترال کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، اس اہم قومی صحت مہم کی کامیابی میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال ارشد خان، ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ اداروں کا تعاون کلیدی اہمیت کا حامل رہا۔ مہم کے مختلف مراحل، ویکسینیشن ٹیموں اور فکسڈ سائٹس پر متعلقہ اہلکاروں نے ذمہ داری، جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ خدمات انجام دیں۔

بیان میں مدارس، دینی اداروں اور علمائے کرام کے کردار کو بھی سراہا گیا، جنہوں نے عوام میں آگاہی پیدا کرنے، والدین کا اعتماد بحال کرنے اور ایچ پی وی ویکسینیشن کے حوالے سے مثبت پیغام عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسماعیلی لوکل کونسل اپر چترال کے صدر امتیاز عالم، کونسل کے اراکین اور مذہبی رہنماؤں کے تعاون کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا گیا۔

محکمہ تعلیم اپر چترال کے ڈی ای او عبدالمالک، اے ای ڈی او ذوالفقار علی یفتالی، ڈی ای او فی میل غزالہ، دیگر افسران، اساتذہ، متعلقہ عملے، کالجوں اور نجی اسکولوں کے سربراہان کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا گیا، جن کے تعاون سے تعلیمی اداروں میں ویکسینیشن مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد ملی۔

اسی طرح آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس اپر چترال کے چیئرمین قاری احمد علی اور ان کی کابینہ، پریس کلب اپر چترال کے صدر محمد علی مجاہد، تمام صحافیوں اور میڈیا نمائندگان کی معاونت کو بھی سراہا گیا۔ آغا خان ریجنل ہیلتھ بورڈ برائے اپر چترال کی چیئرپرسن محترمہ حمیدہ یونس اور متعلقہ اداروں کے تعاون کو بھی اس کامیابی کا اہم حصہ قرار دیا گیا۔

ڈاکٹر فیاض علی رومی اور ڈاکٹر ولی خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا کسی ایک محکمے یا ادارے کی کامیابی نہیں، بلکہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، علمائے کرام، مذہبی اداروں، اسماعیلی لوکل کونسل، میڈیا اور فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کی مشترکہ محنت، مؤثر رابطہ کاری اور انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے تمام معاون اداروں، افسران، علمائے کرام، اساتذہ، صحافیوں اور فیلڈ اہلکاروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے باہمی تعاون اور قومی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔

بیان کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ تمام متعلقہ اداروں اور اہلکاروں کو عوام کی صحت اور خدمت کے لیے اسی خلوص، جذبے اور لگن کے ساتھ کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔