وفاقی وزیرمواصلات علیم خان کا دورہ چترال، روڈ پراجیکٹس کا جائزہ لیا،عوامی شکایات دور کرنے کی ہدایت
چترال کی اہم شاہراہوں کی تعمیر میں تاخیر پر وفاقی وزیر کا اظہارِ تشویش، لواری ٹنل پر مسافروں کو اضافی سہولیات فراہم کرنے کا حکم
چترال (چ،پ) چترال کی اہم قومی شاہراہوں کی تعمیر اور بحالی میں طویل تاخیر، سیلاب سے متاثرہ پلوں کی عدم بحالی اور مسافروں کو درپیش سفری مشکلات کا معاملہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے دورۂ چترال کے دوران اعلیٰ سطح پر اٹھایا گیا۔
وفاقی وزیر نے چترال، بونی، مستوج، شندور اور کیلاش ویلیز روڈ سمیت اہم شاہراہوں کے منصوبوں میں کئی سال سے جاری تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام تیز کرنے، معیار برقرار رکھنے اور عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو محسوس ہونا چاہیے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) ان کے لیے بہتر سڑکوں، آسان سفر اور معیاری مواصلاتی ڈھانچے کی فراہمی پر کام کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے وفاقی سیکریٹری مواصلات علی شیر محسود اور چیئرمین این ایچ اے کے ہمراہ چترال کا ایک روزہ دورہ کیا۔ چترال پہنچنے پر سابق رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین ، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ، ڈی پی او محمد خالد خان اور دیگر متعلقہ حکام سمیت عمائدین نے ہیلی پیڈ پر ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران این ایچ اے حکام نے وفاقی وزیر کو لواری ٹنل، اس کے دونوں پورٹلز، اپروچ روڈ اور دیگر جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں لواری ٹنل اور مین قومی شاہراہ کی اہمیت، موجودہ صورتحال، آمدورفت کی روانی اور مسافروں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ لواری ٹنل سے سفر کرنے والے شہریوں اور سیاحوں کی سہولت کے لیے ریسٹ ایریاز، کھانے پینے کے معیاری ہوٹلز، کافی شاپس، بیت الخلا اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایون تا بمبوریت سڑک کا فضائی معائنہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چترال–بونی ۔مستوج ۔شندور روڈ، ایون–بمبوریت روڈ اور گرم چشمہ روڈ کے جاری اور زیرِ التوا منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ سیلاب سے متاثرہ پلوں کی بحالی کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔
ایون کے مقام پر مقامی عمائدین سابق ایم این اے شہزادہ افتخارالدین، ضلعی صدور پی ایم ایل این چترال لوئر اینڈ اپر عبد الولی خان ایڈوکیٹ، سید احمد خان اور دیگرعوامی نمائندوں نے وفاقی وزیر کو سڑکوں کی تعمیر میں تاخیر، ناقص انتظامات اور مختلف مقامات پر پلوں کی عدم تعمیر سے متعلق اپنے تحفظات اور شکایات سے آگاہ کیا اور جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا، عمائدیں چترال مستوج روڈ مختلف مقامات پر نالوں میں پل تعمیر کرنے پر زور دیا جن میں کوغذی ، برنس ، موری لشٹ، چوموروک، استنگول، ریشن ودیگر شامل ہیں۔
شہزادہ افتخار الدین نے بیرونی فنڈنگ سے چکدرہ چترال روڈ کی چار مرتبہ ٹینڈر ہونے کے باوجود کام شروع نہ ہونے پربھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر کو کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ وفاقی وزیر نے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں اور عوامی نمائندوں کو جلد اسلام آباد میں اجلاس کے لیے مدعو کیا جائے گا، تاکہ مسائل کا تفصیلی جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ چترال کے شہریوں اور مسافروں کو بہتر شاہراہیں اور سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ان کے معیار اور مسافروں کی ضروریات کا بھی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے، رکاوٹیں دور کرنے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
وفاقی وزیر نے لواری ٹنل ٹول پلازہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے عوام اور بالخصوص سیاحوں پر زور دیا کہ وہ ٹول ٹیکس کی ادائیگی کریں، تاکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدن سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور مزید شاہراہوں کے منصوبوں پر خرچ کی جا سکے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام اور سیاحوں میں اس حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں لوگ ٹول ٹیکس ادا کرتے ہیں اور اس سے حاصل ہونے والی آمدن کو شاہراہوں کی بہتری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چترال کے مواصلاتی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور سیاحت کے فروغ کے لیے این ایچ اے کے جاری منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، تاکہ علاقے کے عوام کو محفوظ، معیاری اور بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
بعد ازاں وفاقی وزیر چترال سے گلگت روانہ ہوئے جہاں چترال مستوج روڈ اور شندور گلگت روڈ کا بھی ہوائی جائزہ لیں گے، جبکہ گلگت کے مختلف مقامات پر سڑکوں کی جاری منصوبوں کا بھی معائنہ کریں گے ۔