بونی میں پولو سیمی فائنل کے دوران گھوڑا ہلاک، سکندر ولی خان تاحال نئے گھوڑے سے محروم

بونی (سرفراز شاہد) اپر چترال کے ہیڈکوارٹر بونی میں 20 اکتوبر کو خیبر پولو ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل چترال اے اور کوشٹ اے کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔
میچ کے دوران چترال اے کے کھلاڑی سکندر ولی خان کا گھوڑا اچانک گر پڑا۔ موقع پر ویٹرنری عملہ پہنچ گیا اور گھوڑے کو بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی، مگر تھرو بریڈ نسل کا آٹھ سالہ گھوڑا جانبر نہ ہو سکا۔
یہ ٹورنامنٹ ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس اپر چترال کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا تھا، لیکن واقعے کو کئی روز گزر گئے ہیں، اس کے باوجود متاثرہ کھلاڑی کو نہ کوئی ادائیگی کی گئی ہے اور نہ ہی نیا گھوڑا فراہم کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پشاور میں خیبر پولو فیسٹیول کے دوران پولو کھلاڑی عدنان کا گھوڑا بھی پولو میچ کے دوران مر گیا تھا، جسے ایک ہفتے کے اندر نیا گھوڑا فراہم کر دیا گیا تھا، جو ایک اچھی اور قابلِ تحسین بات ہے۔
ٹورنامنٹ کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سکندر ولی خان کو بھی اس کا حق ملنا چاہیے۔ عوامی و کھیلوں کے حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کور کمانڈر پشاور سکندر ولی خان کے لیے نئے گھوڑے کا اعلان کریں تاکہ وہ دوبارہ میدان میں اتر کر چترال کی نمائندگی کر سکے۔