مولانا فضل الرحمن کو نقصان پہنچنے کی صورت میں نواز شریف ذمہ دار ہونگے/مولانا عبدالغفور حیدری
معلوم نہیں مسلم لیگ (ن) کو کس بات کا خوف ہے، ووٹ کے بجائے بوٹ کے تقدس کی بات کی جا رہی ہے، میڈیا سے گفتگو

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی واپس لیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری نواز شریف پر عائد ہوگی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے سوال اٹھایا کہ کیا وزیر داخلہ وزیراعظم کے مشورے کے بغیر کسی کی سیکیورٹی واپس لے سکتے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے اہلکار صبح سے مولانا فضل الرحمان کے گھر کے چکر لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں مسلم لیگ (ن) کو کس بات کا خوف ہے اور اسے کیا مشکلات درپیش ہیں۔ اب ووٹ کے بجائے بوٹ کے تقدس کی بات کی جا رہی ہے اور حکومت ہر حال میں اسے مقدم رکھنا چاہتی ہے۔
جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے کراچی سمیت مختلف شہروں میں بڑے جلسے کیے، کراچی کے جلسے میں ایک طرف ٹریفک چلتی رہی اور دوسری جانب جلسہ جاری رہا، لیکن کسی قسم کی توڑ پھوڑ نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ایک پرامن سیاسی جماعت ہے۔ احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے اور ہم اس حق کو پرامن انداز میں استعمال کرنا چاہتے ہیں، تاہم ہمیں اشتعال دلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کارکنوں کی گرفتاریوں اور ان کے خلاف مقدمات کے اندراج پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کو واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جمعیت علمائے اسلام سرگودھا میں جلسہ کرکے دکھائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکن مسلسل صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، حالانکہ انہیں اشتعال دلانے کی متعدد کوششیں کی گئی ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام ایک سیاسی جماعت ہونے کے ساتھ تحریک بھی ہے اور اس نے مختلف ادوار میں کئی تجربات کا سامنا کیا ہے۔
جے یو آئی کے سیکریٹری جنرل نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حق اور سچ کی بات کی ہے اور اپنے اتحادیوں کو آئینہ دکھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے مؤقف کی جمہوریت پسند حلقے حمایت کر رہے ہیں، جبکہ متعدد سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے بھی جے یو آئی کے بیانیے کی تائید کی ہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت صرف شو پیس ہے، اصل فیصلے کرنے والے پس پردہ موجود ہیں جنہیں عوام بھی جانتے ہیں اور ہم بھی ان سے واقف ہیں۔
انہوں نے مفتی ابرار سے متعلق سوال پر کہا کہ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں تلاش کیا جائے۔
آخر میں انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی واپس لینے کے معاملے کی وضاحت کی جائے اور خبردار کیا کہ اگر انہیں کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری نواز شریف پر ہوگی۔