ارندو اور دامیل کے 11 ہزار باشندے فاریسٹ رائلٹی سے محروم ہیں، عمائدین کا حکومت اور پاک فوج سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ
پانچ سے چھ سالوں کے دوران ارندو گول کے جنگلات سے تقریباً 15 لاکھ (1.5 ملین) کیوبک فٹ لکڑی کاٹی گئی، عمائدین

چترال(بشیرحسین آزاد) ارندو اور دامیل کے مقامی عمائدین نے حکومت، پاک فوج اور پولیس سے ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی، فاریسٹ رائلٹی کی منصفانہ تقسیم اور اپنے تحفظ کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
پیر کے روز چترال پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کے مقتدر رہنماؤں ملک محمد اسحاق وردگ، حضرت الدین، عباد خان، روز محمد خان، صدیق اللہ، ظاہر خان، امان خان اور جاوید خان نے کہا کہ ٹمبر مافیا طویل عرصے سے مقامی آبادی کے حقوق غصب کر رہا ہے اور آواز اٹھانے والوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
مقامی عمائدین نے انکشاف کیا کہ گزشتہ پانچ سے چھ سالوں کے دوران ارندو گول کے جنگلات سے تقریباً 15 لاکھ (1.5 ملین) کیوبک فٹ لکڑی کاٹی گئی، جس کی مجموعی مالیت 12 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اس خطیر رقم میں جنگلات کی رائلٹی کا فائدہ علاقے کی غریب عوام تک نہیں پہنچ سکا اور ٹمبر مافیا نے ملی بھگت کے ذریعے 98 فیصد آبادی کو ان کے جائز حق سے محروم رکھا۔
علاقے کی کل آبادی 11,000 سے زیادہ ہے، لیکن رائلٹی کی رقم صرف 2 فیصد پسندیدہ اور بااثر افراد میں تقسیم کی جا رہی ہے، جو سراسر ناانصافی ہے اور یہ بات ایک حقیقت بن چکی ہے کہ ٹمبر مافیا علاقے میں ایک خطرناک گروپ کی صورت اختیار کرگئی ہے۔
عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہا کہ ارندو اور دامیل میں بھی فاریسٹ رائلٹی کی تقسیم کے لیے وہی طریقہ کار اپنایا جائے جو گزشتہ ماہ لوئر چترال کے سابق ڈپٹی کمشنرراؤ ہاشم عظیم نے کلکٹک اور بیوڑی دیہات میں رائلٹی تقسیم کرتے وقت اختیار کیا تھا۔
سابق ڈی سی نے ٹمبر مافیا کے شدید دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے 100 فیصد مقامی آبادی کو رائلٹی کی فراہمی یقینی بنائی تھی۔
عمائدین کا کہنا تھا کہ اگر اسی شفاف فارمولے کے تحت آرندو اور دیمیل کے تمام 11 ہزار سے زائد شہریوں کو رائلٹی دی جائے تو علاقے سے غربت کا خاتمہ ممکن ہو جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران عمائدین نے سیکیورٹی کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹمبر مافیا کا ایک منظم گروہ اور ان کے کارندے ان لوگوں کو ہراساں کر رہے ہیں جو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔
انہوں نے پاک فوج، صوبائی حکومت اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ انہیں اس مافیا سے فوری تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ مقامی لوگ خوف کے سائے سے نکل سکیں۔
حقوق کے ساتھ ساتھ عمائدین نے بنیادی ڈھانچے کی زبوں حالی پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میرکھنی سے ارندو اور دامیل تک مرکزی سڑک کی تعمیر و بحالی سمیت مختلف وادیوں کو ملانے والی لنک روڈز فوری طور پر تعمیر کی جائیں تاکہ پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے اور ٹمبر مافیا کی سرپرستی بند نہ ہوئی تو وہ سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔