چترال کے سیلاب متاثرین کیلئے انٹرنیشنل کی امداد، SRSP کے ذریعے 157 گھرانوں میں سامان تقسیم کئے گئے

متاثرہ خاندانوں میں شیلٹر، فوڈ، ہائی جین اور کچن کٹس تقسیم، امدادی سرگرمیاں جاری

اشتہارات

چترال(چ،پ) چترال کے سیلاب متاثرین کیلئے کئیر انٹرنیشنل پاکستان نے سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) کے ذریعے امدادی سامان مہیا کئے جوکہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر متاثرین میں تقسیم کئے گئے۔
رواں مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں سیلاب اور شدید بارشوں کے باعث 190 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 500 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹس کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب نے ملک کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ’’کیئر انٹرنیشنل پاکستان (CARE International Pakistan)‘‘ نے متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے ہنگامی سیلابی امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

کیئر انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو ’’ شیلٹر کٹس، فوڈ کٹس، ہائی جین کٹس، کچن سیٹس اور دیگر غیر غذائی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ انہیں سیلاب کے بعد درپیش فوری مشکلات سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔

کیئر انٹرنیشنل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر عادل شیراز نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کو بنیادی ضروریات تک بروقت رسائی فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فوری ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کو ان بنیادی ضروریات تک رسائی حاصل ہو جو انہیں محفوظ رہنے اور باوقار زندگی گزارنے میں مدد فراہم کریں۔

چترال میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو رہائش، خوراک، گھریلو ضروریات اور حفظان صحت کے حوالے سے فوری مشکلات کا سامنا ہے۔ ان حالات میں کیئر انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے جاری ہنگامی امدادی ردعمل کے تحت 157 سے زائد متاثرہ گھرانوں میں شیلٹر کٹس، فوڈ کٹس، ہائی جین کٹس اور دیگر غیر غذائی اشیاء اور کچن سیٹس تقسیم کیے گئے ہیں۔

امدادی سامان کی تقسیم سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) کے ذریعے ضلعی انتظامیہ، مقامی حکام، کمیونٹی نمائندگان اور دیگر انسانی امدادی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور باہمی تعاون سے عمل میں لائی گئی، تاکہ امداد مستحق خاندانوں تک بروقت، شفاف اور جوابدہ انداز میں پہنچائی جا سکے۔

امدادی سامان کی تقسیم کے عمل میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے کیئر انٹرنیشنل پاکستان کے **MEAL کوآرڈینیٹر سجاد احمد** نے تقسیم کے عمل کی نگرانی کی۔

کیئر انٹرنیشنل پاکستان کے مطابق ادارہ ہنگامی صورتحال سے متاثرہ افراد کو زندگی بچانے والی امداد کی فراہمی، بحالی کی کوششوں میں معاونت اور متاثرہ خاندانوں کے وقار اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے مقامی شراکت داروں اور کمیونٹیز کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ امدادی سرگرمیوں کا مقصد نہ صرف سیلاب متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنا ہے بلکہ انہیں بحالی کے عمل میں معاونت فراہم کرنا بھی ہے، تاکہ متاثرہ خاندان مشکل حالات سے نکل کر معمول کی زندگی کی طرف واپس آ سکیں۔