کوشٹ اپر چترال میں پولیس کی کاروائی، بھاری مقدار میں شراب بر آمد

اشتہارات


اپرچترال (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ پولیس چترال اپر کی جانب سے منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں موڑکہو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں خام و تیار شدہ شراب اور شراب کشید کرنے کا آلہ برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چترال اپر ضیاء حسن، PSP کی خصوصی ہدایات پر کی گئی۔ ایس ڈی پی او سرکل موڑکہو/تورکہو مولائی شاہ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ موڑکہو انور شاہ نے دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے شکوردوری، کوشٹ کے رہائشی مسمی میر عجم ولد اشرفی کی زیرِ قبضہ اراضی (کھیت) میں مبینہ طور پر چھپائی گئی 45 لیٹر خام شراب، 2.25 لیٹر تیار شدہ شراب (ٹارہ) اور شراب کشید کرنے والا آلہ برآمد کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزم گرفتار نہیں ہوسکا۔ تاہم واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چترال اپر ضیاء حسن، PSP نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ منشیات کے خاتمے اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور منشیات فروشی میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں۔