چترال کے لیے فضائی سروس کی بحالی کی راہ ہموار، ہفتے میں 5 پروازوں کا منصوبہ

اسلام آباد (چ،پ)بالآخر چترال کے لیے باقاعدہ فضائی رابطے کی بحالی کی امید پیدا ہوگئی۔معروف بزنس مین اور بیجان ریزورٹس کے سی ای او انور امان کی کاوشوں سے بیجان ریزورٹس اور "ساؤتھ ایئر”کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری طے پائی ہے جس کے تحت اسلام آباد اور چترال کے درمیان ہفتے میں پانچ دن پروازیں شروع کرنے کے لیے کام کیا جائے گا۔
یہ اقدام چترال کو ملک کے دیگر حصوں سے دوبارہ فضائی طور پر جوڑنے کے ساتھ ساتھ سیاحت، کاروبار، روزگار اور مقامی معیشت کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے گفتگور کرتے ہوئے انور امان کا کہنا تھا کہ قابل اعتماد فضائی رابطہ چترال کو ایک نمایاں اور قابل رسائی سیاحتی منزل بنانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بہتر فضائی رابطے سے ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، ٹور آپریٹرز، مقامی گائیڈز، ہنرمندوں اور چھوٹے کاروباروں کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔
ساؤتھ ایئر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نشات فاطمہ نے کہا کہ چترال جیسے خوبصورت سیاحتی خطے کو بہتر فضائی رابطے کے ذریعے ملک کے دیگر علاقوں سے جوڑنا ادارے کے وژن کا حصہ ہے۔
بیجان ریزورٹس کے مطابق فضائی رابطے کی بحالی اور جدید سیاحتی سہولیات کا مقصد چترال کو ایک "قابلِ رسائی، نمایاں اور پائیدار سیاحتی مرکز” بنانا اور مقامی سطح پر روزگار و معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔