نو تعینات ڈی پی او لوئر چترال ریشم جہانگیر نے چارج سنبھال لی، امن و امان اور عوام دوست پولیسنگ کے عزم کا اعادہ

اشتہارات

چترال(چ،پ) لوئر چترال کے نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)خاتون پی ایس پی آفیسر ریشم جہانگیر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پولیس لائن لوئر چترال اور پولیس سہولت مرکز زرگراندہ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، افسران و اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

لوئر چترال پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری کردہ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس لائن آمد پر پولیس کے سینئر افسران نے ڈی پی او کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ لوئر چترال پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

بعد ازاں انہوں نے یادگارشہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادر وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کے ایصال ثواب، بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔

ڈی پی او ریشم جہانگیر نے پولیس لائن کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ لوئر چترال میں امن و امان کا قیام، قانون کی بالادستی، جرائم کی مؤثر روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیحات ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے پولیس سہولت مرکز زرگراندہ کا دورہ کیا جہاں ٹیکنیکل انویسٹی گیشن آفس، فارنرز رجسٹریشن آفس، لائسنس برانچ، سوسائیڈ پریونٹو یونٹ (Suicide Preventive Unit) اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سمیت مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہر شعبے میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ریکارڈ، انتظامات اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈی پی او نے متعلقہ افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہریوں، غیر ملکی شہریوں اور سیاحوں کو بروقت، شفاف اور باوقار انداز میں خدمات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کے ذریعے پولیس پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

ڈی پی او ریشم جہانگیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام دوست پولیسنگ کو مزید فروغ دیا جائے گا، شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور پولیس و عوام کے درمیان باہمی اعتماد کو مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود، استعداد کار میں اضافے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پولیسنگ کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ لوئر چترال پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، سیاحوں کی ہر ممکن معاونت، منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی، امن و امان کے قیام اور جدید پولیسنگ کے فروغ کے لیے بھرپور انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہے گی۔

ڈی پی او نے تمام افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ ایمانداری، دیانتداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کو اپنا شعار بناتے ہوئے عوام کی خدمت کو عبادت سمجھ کر اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ ضلع کے پرامن ماحول کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

اس موقع پر پولیس افسران اور جوانوں نے نو تعینات ڈی پی او کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی قیادت میں امن و امان، قانون کی عملداری اور عوامی خدمت کے لیے بھرپور جذبے کے ساتھ فرائض انجام دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔